بندرگاہوں سے کرپشن کی لعنت کے خلاف وفاقی حکومت نے بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے براہِ راست رابطے کیلئے لائن قائم کردی ہے، علی حیدر زیدی

130

اسلام آباد ۔ 29 دسمبر(اے پی پی)وفاقی وزیر بحری امور علی حیدر زیدی نے کہا ہے کہ بندرگاہوں سے کرپشن کی لعنت کے خلاف وفاقی حکومت نے بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے براہِ راست رابطے کیلئے لائن قائم کردی ہے۔ ہفتہ کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے حکام کو ہدایت کی کہ کرپشن کے خاتمہ کے لئے عوام کو واٹس اپ اور ای میل فراہم کر دی جائیں تاکہ عوام کسی بھی سطح پر کرپشن کے خلاف براہ راست وفاقی وزیر سے رابطہ کرسکیں۔ اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی شکایت کیلئے عوام 0300-0822234 پر پر بمع ثبوت رابطہ کر سکتے ہیں، اس کے علاوہ ای میل کے ذریعے شکایات بھیجنے والے افراد کے لئے [email protected] پر ای میل بھی کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے بے پناہ قدرتی و بحری وسائل سے مالامال کیا ہے اور ایسے وسائل رکھنے والے ملک کو قرض کی بھیک مانگنے کی بجائے دنیا کو قرض کی پیشکش کرنی چاہئیے۔ علی زیدی نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان ملک سے کرپشن کو جڑ سے اکھاڑنے کے حوالے سے واضح ایجنڈا رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بندرگاہوں کو کرپشن سے مکمل طور پر پاک کرنا اولین مقصد ہے اور اس حوالے سے کسی بھی قسم کی شکایت کی صورت میں عوام براہ راست مجھ سے رابطہ کر سکتے ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وہ ذاتی طور پر عوام کی شکایات پر کارروائی کریں گے۔