بنگالی قوم کی پاکستان کے لیے بڑی قربانیاں ہیں ۔بنگالیوں کے شناختی کارڈ کے مسئلے کے حل کے لئے ہرممکن کوشش کروں گا۔ نواز شریف کا بنگالی کمیونٹی سے خطاب

کراچی ۔ 2 فروری (اے پی پی) سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ بنگالی قوم کی پاکستان کے لئے بڑی قربانیاں ہیں، ان کے شناختی کارڈ کے مسائل حل کرنے کے لئے ہرممکن کوشش کروں گا، ہماری حکومت نے بڑے مسائل حل کئے ہیں، منتخب حکومت کو اپنی مدت پوری کرنی چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو مقامی ہوٹل میں پاک مسلم الائنس کے زیراہتمام منعقدہ تقریب میں کراچی میں مقیم بنگالی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ محمد نواز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ کی بنیاد ڈھاکہ میں ڈالی گئی تھی، بنگالی قوم نے پاکستان بنانے کے لئے سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بنگالی کمیونٹی کے شناختی کارڈز کا مسئلہ سیاست سے بڑھ کر انسانیت کا مسئلہ ہے، شناختی کارڈ نہ ہونے کی وجہ سے کیا مسائل ہوسکتے ہیں میں اس کو بخوبی سمجھتا ہوں، آپ لوگ جس حالت میں رہتے ہیں مجھے اس کا انداز ہ ہے ،یہ سراسر ناانصافی ہے کہ ایک جائز مسئلہ تاخیر کا شکار ہے ۔