بنگلہ دیشی وزیر اعظم کی سعودی عرب سے مزید سرمایہ کاری کی خواہش کا اظہار

71
Bangladesh
Bangladesh

ڈھاکہ ۔24جنوری (اے پی پی):بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد نے سعودی عرب سے بنگلہ دیش میں مزید سرمایہ کاری کی خواہش کا اظہار کیا ہے ۔

عرب نیوز کے مطابق بنگلہ دیش میں سعودی عرب کے سفیر عیسیٰ یوسف عیسیٰ الدوہیلان نے وزیراعظم شیخ حسینہ واجد سے ملاقات کی۔ شیخ حسینہ واجد نے اس موقع پر کہا کہ مملکت بنگلہ دیش میں مزید سرمایہ کاری کرے تاکہ ہم لوگوں کی سماجی اقتصادی ترقی کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کو آگے بڑھا سکیں۔وزیراعظم نے کہا کہ سعودی عرب ہمیشہ بنگلہ دیش کے ساتھ کھڑا رہاہے۔ اس موقع پر سعودی سفیرنے بنگلہ دیش کی ترقی کے سفر کو جاری رکھنے کے لیے تعاون بڑھانے کا وعدہ کیا۔انہوں نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے وزیراعظم کو حکومت کا دوبارہ سربراہ منتخب ہونے پر مبارکباد کا پیغام دیا جس میں بنگلہ دیش کی مزید ترقی اور خوشحالی کے لئے نیک خواہشات کااظہار کیا گیا۔

سعودی سفیر نے بنگلہ دیش کے آٹھ ڈویژنوں میں آٹھ مساجد اور عربی زبان کے ادارے قائم کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ سعودی سفیر نے کہا کہ وہ آنے والے دنوں میں حج اور عمرہ کے عمل کو آسان بنانے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور بنگلہ دیش کھیل اور ثقافت کے شعبو ں میں تعاون بڑھا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب بنگلہ دیش سے طبی عملہ کی خدمات حاصل کرنے کا خواہاں ہے۔