ڈھاکہ ٹیسٹ کا دوسرا روز، آسٹریلیا پہلی اننگز میں 217 پر ڈھیر، شکیب الحسن نے 5 وکٹیں حاصل کیں
بنگلہ دیش نے دوسری اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 45 رنز بنا لئے، 88 رنز کی برتری حاصل
ڈھاکہ ۔ 28 اگست (اے پی پی) آسٹریلوی کرکٹ ٹیم ڈھاکہ ٹیسٹ کے دوسرے روز اپنی پہلی اننگز میں 217 رنز بناکر آﺅٹ ہوگئی اور اسے 43 رنز خسارے کا سامنا کرنا پڑا۔ میٹ رینشا 45 اور ایشٹن ایجر 41 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ شکیب الحسن نے عمدہ باﺅلنگ کا مظاہرہ کیا اور 5 وکٹیں حاصل کیں۔ بنگلہ دیش نے کھیل کے اختتام پر ایک وکٹ کے نقصان پر 45 رنز بنا لئے اور اسے 88 رنز کی مجموعی برتری حاصل ہوگئی ہے۔ تمیم اقبال 30 رنز کے ساتھ ناٹ آﺅٹ ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پیر کو ٹیسٹ کے دوسرے روز آسٹریلیا نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 18 رنز 3 کھلاڑی آﺅٹ پر دوبارہ شروع کی تو میٹ رینشا 6 اور سٹیون سمتھ 3 رنز پر کھیل رہے تھے۔ سمتھ گزشتہ روز کے سکور میں محض 5 رنز کا اضافہ کرنے کے بعد مہدی حسن مرزا کا نشانہ بن گئے۔ رینشا اور پیٹر ہینڈزکامب نے 69 رنز کا اضافہ کیا۔ ہینڈزکامب 33 رنز بناکر تیج الاسلام کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔ رینشا بھی 45 رنز بناکر شکیب الحسن کا شکار بن گئے۔