ایناپولس۔7اگست (اے پی پی):امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے بنگلہ دیش کی عبوری حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ جمہوری اصولوں کا احترام کرے۔انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کے دوران کہا کہ بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کواپنے فیصلوں میں جمہوری اصولوں کا احترام ،قانون کی حکمرانی کو برقرار رکھنے اور عوامی امنگوں کی عکاسی کرنے کی ضرورت ہے۔
دریں اثنا امریکا کے دورے پرآئے آسٹریلوی وزیر خارجہ پینی ووگ نے بھی بنگلہ دیش میں تمام فریقین سے تشدد سے گریز کرنے کی اپیل کی ہے۔ امریکی ریاست میری لینڈ کے شہر ایناپولس میں امریکی نیول اکیڈمی میں صحافیوں سے گفتگو میں آسٹریلوی وزیر نے کہا کہ ہم بنگلہ دیش میں تمام فریقین سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ انسانی حقوق کا احترام کریں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم حالیہ ہفتوں میں ہونے والے واقعات کی مکمل،آزادانہ اور غیر جانبدارانہ تحقیقات پر زور دیتے ہیں۔