بنگلہ دیش کی میزبانی میں ڈی ایٹ کے وزراء خارجہ کی کونسل کا اجلاس کل ہوگا، وزیر مملکت خارجہ امورحنا ربانی کھر پاکستان کی نمائندگی کریں گی

غیر وابستہ تحریک کے سربراہی سطح کے رابطہ گروپ کا اجلاس ، تحریک کے چیئرمین الہام علیوف کی کووڈ-19 کے باعث دنیا پر پڑنے والے منفی اثرات کے تدارک اور بحالی کیلئے اقوام متحدہ کے اعلیٰ سطحی پینل کے قیام کی تجویز

اسلام آباد۔26جولائی (اے پی پی):بنگلہ دیش کی میزبانی میں ڈی ایٹ کے وزراء خارجہ کی کونسل کا اجلاس کل بدھ کو ہوگا، وزیر مملکت برائے خارجہ امورحنا ربانی کھر ہائبرڈ فارمیٹ میں ہونے والے اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گی۔ ڈی ایٹ گروپ 15 جون 1997 کو استنبول میں قائم کیا گیا تھا۔

پاکستان کے علاوہ اس کے بانی اراکین میں بنگلہ دیش، مصر، انڈونیشیا، ایران، ملائیشیا، نائیجیریا اور ترکی شامل ہیں۔ مسلم دنیا کی آٹھ ترقی پذیر معیشتوں کے ایک ارب 10 کروڑ سے زیادہ افراد کی مشترکہ آبادی کے ساتھ ڈی ایٹ ایک منفرد بین العلاقائی بین الحکومتی تنظیم ہے جو جنوب مشرقی ایشیا سے افریقہ تک پھیلی ہوئی ہے۔ ڈی ایٹ کے رکن ممالک دنیا کی 60 فیصد مسلم آبادی کی نمائندگی کرتے ہیں اور ان کی سالانہ جی ڈی پی تقریباً 4.92 ٹریلین ڈالر ہے۔

اے پی پی کی رپورٹ کے مطابق پاکستان نے نومبر 2012 میں 8 ویں ڈی ایٹ سربراہ اجلاس کی میزبانی کی تھی۔ پاکستان نے وزراء خارجہ کی کونسل کے دو اجلاسوں، متعدد ڈی ایٹ کمیشن اجلاسوں اور مختلف شعبوں کی بات چیت کی بھی میزبانی کی ہے۔ پاکستان کی یونیورسٹی آف ایگریکلچر فیصل آباد کو ڈی ایٹ ریسرچ سینٹر فار ایگریکلچر قرار دیا گیا ہے۔

پاکستان اس سال سیاحت سے متعلق چوتھے سینئر عہدیداروں اور تیسرے ڈی ایٹ وزارتی اجلاس کی میزبانی کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ پاکستان نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی کو بھی ڈی ایٹ ایئرپورٹ کے طور پر نامزد کیا ہے۔