دُنیا بھر میں 5 جون کو عالمی یومِ ماحولیات منایا گیا ، اس سلسلے میں ریڈیوپاکستان سرگودھا کے ایف ایم 101 کے معروف پروگرام "شاہین سرگودھا” میں 6 جون 2026ء کو ایک خصوصی پروگرام کا انعقاد کیا گیا
عالمی یومِ ماحولیات کے حوالے سے ریڈیو پاکستان سرگودھا میں خصوصی پروگرام "شاہین سرگودھا” کا انعقاد

مزید خبریں
سرگودھا ۔ 06 جون (اے پی پی):دُنیا بھر میں 5 جون کو عالمی یومِ ماحولیات منایا گیا ، اس سلسلے میں ریڈیوپاکستان سرگودھا کے ایف ایم 101 کے معروف پروگرام "شاہین سرگودھا” میں 6 جون 2026ء کو ایک خصوصی پروگرام کا انعقاد کیا گیا
جس کا مقصد ماحولیات کے تحفظ، موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز اور عوامی آگاہی کو فروغ دینا تھا۔ پروگرام میں ڈاکٹر سید ہارون علی نے بطورِ مہمان خصوصی شرکت کی۔ آپ یونیورسٹی آف سرگودھا کے شعبۂ ارضی علوم میں اسسٹنٹ پروفیسر ہیں۔ اس کے علاوہ آپ Machine Expert, Central Research Lab (CRL) اور Interdisciplinary Research Center for One Health (IRCOH) سے بھی وابستہ ہیں اور ماحولیات، آبی وسائل، موسمیاتی تبدیلی اور پائیدار ترقی کے موضوعات پر تحقیق کررہےہیں۔ پروگرام میں ڈپٹی ڈائریکٹر، محکمہ تحفظ ماحولیات سرگودھا محمد رانا نے بھی بطور مہمانِ شرکت کی۔
اُنہوں نے ماحولیاتی قوانین، آلودگی کے تدارک اور ماحولیاتی تحفظ کے لیے حکومتی اقدامات پرتفصیلی روشنی ڈالی۔ گفتگو کےدوران عالمی یومِ ماحولیات کی اہمیت اوراس کے مقاصد، موسمیاتی تبدیلی، سرگودھا ریجن کو درپیش ماحولیاتی چیلنجز، زیرِ زمین پانی کی صورت حال اور آبی وسائل کے تحفظ ، درختوں اور شجرکاری کی اہمیت، فضائی آلودگی اور انسانی صحت پر اس کے اثرات، پلاسٹک آلودگی اور اس کے تدارک، زرعی علاقوں خصوصاً سرگودھا میں موسمیاتی تبدیلی کے اثرات، حیاتیاتی تنوع (Biodiversity)، قدرتی وسائل کے تحفظ اور ویسٹ مینجمنٹ کے موضوعات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ مہمانوں نے ماحول دوست طرزِ زندگی اپنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہر فرد اپنی روزمرہ زندگی میں معمولی تبدیلیاں لا کر ماحول کے تحفظ میں مؤثر کردار ادا کر سکتا ہے۔ پروگرام میں قدرتی آفات، کمیونٹی ریزیلینس اور پائیدار ترقی کے حوالے سے بھی گفتگو کی گئی۔ اس موقع پر ریڈیو پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے مہمانوں نے کہا کہ ماحولیات اور عوامی مسائل کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے میں ریڈیو پاکستان ایک مؤثر قومی ادارے کے طور پر اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں نبھا رہا ہے۔ پروگرام کے میزبان سبطین بلوچ تھے جبکہ محمد جمشید قادری نے بطور پروڈیوسر , پروگرام کی ایگزیکٹو پروڈیوسر فریحہ کنول تھیں جبکہ انجینئرنگ معاونت رانا قیصر وقاص نے فراہم کی۔








