کوہ سلیمان میں سی ٹی ڈی کا بڑا آپریشن، ٹی ٹی پی کے اہم کمانڈر سمیت دو دہشت گرد ہلاک

پنجاب کے قبائلی اور پہاڑی علاقے کوہ سلیمان میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے وابستہ دو دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا،

لاہور۔6جون (اے پی پی):پنجاب کے قبائلی اور پہاڑی علاقے کوہ سلیمان میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے وابستہ دو دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جن میں ایک اہم کمانڈر بھی شامل ہے جبکہ دیگر دہشت گرد اپنے زخمی ساتھیوں کو ساتھ لے کر دشوار گزار پہاڑی راستوں سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق مصدقہ انٹیلی جنس اطلاعات موصول ہوئی تھیں کہ جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے ٹی ٹی پی کے 12 سے 15 مسلح افراد پنجاب، بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے سرحدی علاقے کے راستے تمن قیصرانی کے قبائلی علاقے میں داخل ہوئے ہیں۔یہ عناصر تحصیل کوہ سلیمان، وہوا اور تونسہ کے آباد علاقوں میں دہشت گردی کی کارروائیوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔اطلاع ملتے ہی جدید ہتھیاروں، نگرانی کے آلات اور ڈرون ٹیکنالوجی سے لیس سی ٹی ڈی کی خصوصی ٹیمیں متحرک کر دی گئیں۔ اہلکاروں نے جنڈوگا کے قریب کاچی گورو-لکھنی کے دشوار گزار پہاڑی علاقے میں رات بھر خفیہ نگرانی جاری رکھی۔ دن کے وقت ڈرون اور دیگر جدید ذرائع کی مدد سے مشتبہ دہشت گردوں کی موجودگی کی نشاندہی کی گئی، جس کے بعد سی ٹی ڈی اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ شروع ہو گیا۔ترجمان کے مطابق کراس فائرنگ کے دوران دو نامعلوم دہشت گرد موقع پر ہلاک جبکہ دو زخمی ہوگئے، ہلاک ہونے والوں کی شناخت کا عمل جاری ہے جبکہ باقی دہشت گرد ناہموار پہاڑی راستوں اور قدرتی آڑ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا تھا کہ فرار ہونے والے دہشت گردوں کی تلاش کے لیے انٹیلی جنس بیسڈ سرچ اور سویپ آپریشن جاری ہے۔