سینیٹر اسحاق ڈار کی زیر صدارت اجلاس، براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافے کے لیے اقدامات کا جائزہ

نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ اور براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافے کے لیے اقدامات کا جائزہ لینے کے حوالے سے ہفتہ کو ایک اجلاس کی صدارت کی

اسلام آباد۔6جون (اے پی پی):نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ اور براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافے کے لیے اقدامات کا جائزہ لینے کے حوالے سے ہفتہ کو ایک اجلاس کی صدارت کی۔اجلاس میں سرمایہ کاری کے ماحول کو مزید سازگار بنانے، سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کرنے، نجکاری کے عمل کو آگے بڑھانے اور مختلف اداروں کے درمیان بہتر رابطہ کاری کے ذریعے معاشی مواقع سے بھرپور استفادہ کرنے کے اقدامات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔دفتر خارجہ سے جاری ایک بیان کے مطابق نائب وزیرِ اعظم/وزیرِ خارجہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت سرمایہ کاری کے فروغ اور معاشی ترقی کو تیز کرنے کے لیے ایک شفاف، قابلِ اعتماد اور کاروبار دوست ماحول کی فراہمی کے لیے پُرعزم ہے۔اجلاس میں وزیرِ قانون و انصاف، نجکاری کے مشیر، وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی طارق باجوہ، سیکریٹری تجارت، سیکریٹری قانون، سیکریٹری نجکاری اور دیگر اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔