جنوبی وزیرستان: سکیورٹی فورسز نےفتنہ الخوارج کا حملہ ناکام بنا دیا، خودکش بمبار سمیت چار دہشت گرد ہلاک

"جنوبی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز نے چیک پوسٹ پر حملے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے خودکش بمبار سمیت چار دہشت گردوں کو ہلاک اور بارود سے بھری گاڑی تباہ کر دی۔”

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشت گردوں نے چیک پوسٹ کے سکیورٹی حصار کو توڑنے کی کوشش کی تاہم سکیورٹی فورسز کی بروقت، مستعد اور مؤثر کارروائی کے نتیجے میں ان کا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا۔ فورسز نے بارودی مواد سے بھری گاڑی کو چیک پوسٹ کے بیرونی حصے میں ہی نشانہ بنایاجس کے نتیجے میں گاڑی تباہ ہوگئی اور اس میں سوار خودکش حملہ آور ہلاک ہوگیاجبکہ چیک پوسٹ کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ سکیورٹی اہلکاروں نے باقی تین دہشت گردوں کا بھی تعاقب کیاجو قریبی عمارت میں جا چھپے تھے۔ بعد ازاں کلیئرنس آپریشن کے دوران تینوں دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔ کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ علاقے میں مزید ممکنہ دہشت گردوں کی موجودگی کے خاتمے کے لیے سرچ اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔ وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ قومی ایکشن پلان کے تحت ’’عزمِ استحکام‘‘ کے وژن کے مطابق سکیورٹی فورسز اورقانون نافذ کرنے والے ادارے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک اپنی انسداد دہشت گردی مہم پوری قوت کے ساتھ جاری رکھیں گے۔