بنگلہ دیش کے سینئر ماہرینِ تعلیم کے اعلیٰ سطحی وفد کا قائداعظم یونیورسٹی کا دورہ
بنگلہ دیش کے سینئر ماہرینِ تعلیم کے اعلیٰ سطحی وفد کا قائداعظم یونیورسٹی کا دورہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔16جون (اے پی پی):بنگلہ دیش کے سینئر ماہرینِ تعلیم کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے منگل کو قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد کا دورہ کیا جس کا مقصد پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں تعاون کو فروغ دینا، تعلیمی روابط کو مضبوط بنانا اور مشترکہ علمی و تحقیقی سرگرمیوں کے امکانات کا جائزہ لینا تھا۔ وفد کا استقبال قائداعظم یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظفر نواز جسپال اور فیکلٹی آف نیچرل سائنسز کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر تصور حیات نے کیا۔
ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں پر تبادلہ خیال کیا اور تحقیق، اساتذہ کے تبادلے، مشترکہ تعلیمی منصوبوں اور اعلیٰ تعلیم کی ترقی کے لئے تعاون کے نئے مواقع پر گفتگو کی۔ اس موقع پر پاکستان اور بنگلہ دیش کی جامعات کے درمیان ادارہ جاتی روابط کو مزید مستحکم بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔
بنگلہ دیشی وفد میں ملک کی ممتاز جامعات کے نامور ماہرینِ تعلیم شامل تھے جن کا تعلق جامعہ راج شاہی، جامعہ ڈھاکہ، جامعہ چٹاگانگ، شاہ جلال سائنس و ٹیکنالوجی یونیورسٹی، جہانگیر نگر یونیورسٹی، نارتھ ساؤتھ یونیورسٹی، بریک یونیورسٹی، ایشین یونیورسٹی آف بنگلہ دیش اور ساؤتھ ایسٹ یونیورسٹی سے تھا۔







