بنگلہ دیش کے عوام پرامن رہیں، مغربی طاقتوں کا اقتدار کی جمہوری منتقلی پر زور

واشنگٹن۔6اگست (اے پی پی):مغربی طاقتوں نے شیخ حسینہ کے ملک چھوڑنے کے بعد بنگلہ دیش کے عوام کو پُرامن رہنے پر زور دیا ہے۔ اردو نیوز کے مطابق امریکا نے مظاہرین کے خلاف مزید کریک ڈاؤن کرنے کے بجائے عبوری حکومت کی تشکیل پر فوج کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے اور تمام فریقین سے مزید تشدد سے گریز کرنے پر زور دیا ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو …

واشنگٹن۔6اگست (اے پی پی):مغربی طاقتوں نے شیخ حسینہ کے ملک چھوڑنے کے بعد بنگلہ دیش کے عوام کو پُرامن رہنے پر زور دیا ہے۔ اردو نیوز کے مطابق امریکا نے مظاہرین کے خلاف مزید کریک ڈاؤن کرنے کے بجائے عبوری حکومت کی تشکیل پر فوج کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے اور تمام فریقین سے مزید تشدد سے گریز کرنے پر زور دیا ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ گزشتہ کئی ہفتوں کے دوران بہت سی جانیں ضائع ہو چکی ہیں اور ہم آنے والے دِنوں میں پُرامن رہنے اور تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکا نے ایسی رپورٹس دیکھی ہیں کہ فوج نے طلبہ کی قیادت میں ہونے والے مظاہروں پر مزید کریک ڈاؤن کرنے کے دباؤ سے انکار کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہ (اطلاعات) درست ہیں کہ فوج نے مظاہرین کے خلاف کریک ڈاؤن کے مطالبات کی مزاحمت کی، تو یہ ایک مثبت پیش رفت ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ ہم بنگلہ دیش میں عبوری حکومت کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہیں اور بنگلہ دیش کے قوانین کے مطابق کسی بھی قسم کی منتقلی پر زور دیتے ہیں۔امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے ایک سوال کے جواب میں کہا ہم بنگلہ دیش کے عوام کو مستقبل کی بنگلہ دیشی حکومت کا فیصلہ کرتے دیکھنا چاہتے ہیں۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریش نے پرامن، منظّم اور جمہوری منتقلی کے ساتھ ساتھ تشدد کی تمام کارروائیوں کی مکمل، آزادانہ، غیر جانبدارانہ اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ برطانیہ نے اقوام متحدہ سے اپنی سربراہی میں تحقیقات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

برطانوی سیکریٹری خارجہ ڈیوڈ لیمی نے ایک بیان میں کہا کہ بنگلہ دیش کے عوام گزشتہ چند ہفتوں کے واقعات کی اقوام متحدہ کی زیر قیادت مکمل اور آزاد تحقیقات کے مستحق ہیں۔ یورپی یونین نے بھی عوام کو پُرامن رہنے اور تحمل کا مظاہرہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ جوزپ بوریل نے کہا کہ یہ بہت ضروری ہے کہ جمہوری طور پر منتخب حکومت کے لیے منظّم اور پُرامن منتقلی کو انسانی حقوق اور جمہوری اصولوں کے مطابق یقینی بنایا جائے۔ واضح رہے کہ پیر کو بنگلہ دیش کی وزیراعظم شیخ حسینہ واجد نے استعفیٰ دے کر ملک چھوڑ دیا ۔ بنگلہ دیش کے آرمی چیف وقار الزمان نے کہا ہے کہ عبوری حکومت قائم کی جائے گی۔

مزید خبریں