بنگلہ دیش کے ماہرین تعلیم کے وفد کا کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد کا دورہ

پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے بنگلہ دیش کے ماہرین تعلیم کے وفد نے کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد کا دورہ کیا۔ پاکستان-بنگلہ دیش نالج کوریڈور اقدام کے تحت پاکستان کے دورے پر آئے بنگلہ دیشی وفد 16 پروفیسرز اور سینئر ماہرینِ تعلیم پر مشتمل ہے جو بنگلہ دیش کی معروف سرکاری اور نجی جامعات کی نمائندگی کر رہا ہے

اسلام آباد۔17جون (اے پی پی):پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے بنگلہ دیش کے ماہرین تعلیم کے وفد نے کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد کا دورہ کیا۔ پاکستان-بنگلہ دیش نالج کوریڈور اقدام کے تحت پاکستان کے دورے پر آئے بنگلہ دیشی وفد 16 پروفیسرز اور سینئر ماہرینِ تعلیم پر مشتمل ہے جو بنگلہ دیش کی معروف سرکاری اور نجی جامعات کی نمائندگی کر رہا ہے۔ یونیورسٹی کے ترجمان کے مطابق اس دورے کا مقصد پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تعلیمی روابط، علمی تعاون اور عوامی سطح پر تعلقات کو مزید مضبوط بنانا ہے۔ اس اقدام کو ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) پاکستان کی مکمل معاونت حاصل ہے۔ وفد میں ایشین یونیورسٹی آف بنگلہ دیش کے وائس چانسلر و چیف ایگزیکٹو آفیسر، جہانگیر نگر یونیورسٹی کے پرو وائس چانسلر (اکیڈمک) سمیت یونیورسٹی آف ڈھاکہ، یونیورسٹی آف چٹاگانگ، نارتھ ساؤتھ یونیورسٹی، شاہ جلال یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، یونیورسٹی آف راجشاہی، بریک یونیورسٹی اور ساؤتھ ایسٹ یونیورسٹی بنگلہ دیش کے ڈینز، سینئر پروفیسرز اور تعلیمی منتظمین شامل ہیں۔

اس موقع پر کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد کے ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر راحیل قمر نے یونیورسٹی کے اعلیٰ حکام اور مختلف شعبہ جات کے سربراہان کے ہمراہ وفد کا استقبال کیا جبکہ منیبہ ناصر نے وفد کو یونیورسٹی کے تعلیمی، تحقیقی اور انتظامی نظام کا تفصیلی تعارف کرایا اور جدید ڈیجیٹل گورننس اقدامات سے آگاہ کیا۔ اپنے خطاب میں پروفیسر ڈاکٹر راحیل قمر نے مصنوعی ذہانت پر مبنی تدریسی و انتظامی نظام، پیپر لیس ایڈمنسٹریشن، گرین کیمپس منصوبوں اور پائیدار ترقی سے متعلق اقدامات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے بائیومیڈیکل تحقیق، ٹیکنالوجی کی تجارتی بنیادوں پر ترویج اور دونوں ممالک کی عوام کے لئے صحت سے متعلق جدید ٹیکنالوجیز کو قابلِ رسائی بنانے کے اقدامات کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے بنگلہ دیشی جامعات کے لرننگ مینجمنٹ سسٹمز کو بہتر بنانے کے لئے مصنوعی ذہانت اور اطلاعاتی و مواصلاتی ٹیکنالوجی کے شعبوں میں کامسیٹس یونیورسٹی کی مہارت سے استفادہ کرنے کی پیشکش بھی کی۔ دورے کے دوران فریقین نے مشترکہ تحقیق، جدت، کاروباری صلاحیتوں کے فروغ اور ڈیجیٹل تبدیلی کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔

شرکاء نے اعلیٰ تعلیم کے فروغ اور دوطرفہ تعلیمی روابط کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ وفد نے اپنے دورے کے دوران اسلام آباد کیمپس میں قائم جنید زیدی سنٹرل لائبریری اور دیگر تعلیمی و تحقیقی سہولیات کا بھی معائنہ کیا۔