ایبٹ آباد۔27دسمبر (اے پی پی):بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ایبٹ آباد نے انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات 2025کےلئے داخلہ فارمز اور فیس کی تفصیلات جاری کر دی ہیں، امتحانات کی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ داخلہ فارم آن لائن جمع کرائیں، رجسٹرڈ ادارے بورڈ کی ویب سائٹ www.biseatd.edu.pk کے ذریعہ اپنے مخصوص لاگ ان سے داخلہ فارم پر کریں۔ نجی طلبہ کےلئے داخلہ فارم بورڈ کی آفیشل ویب سائٹ یا الائیڈ بینک برانچز سے پانچ روپے کے عوض دستیاب ہیں۔
داخلہ فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ اور فیس کی تفصیلات درج ذیل ہیں۔ ریگولر اور پرائیویٹ طلبہ کےلئے حصہ اول (پہلا سال) کی نارمل فیس3200 روپے مقرر کی گئی ہے، ڈبل فیس کے ساتھ 3800 روپے جبکہ ٹرپل فیس کے ساتھ 5200 روپے ہو گی۔ حصہ دوم (دوسرا سال)کے لئے نارمل فیس 2800 روپے، ڈبل فیس کے ساتھ 4200 روپے اور ٹرپل فیس کے ساتھ 5600 روپے مقرر کی گئی ہے۔ نمبروں میں بہتری کے لئے ایک، دو یا تین مضامین کی نارمل فیس 2800 روپے، ڈبل فیس 4200 روپے اور ٹرپل فیس 5600 روپے ہو گی۔
تین سے زیادہ اور 7 مضامین تک نمبروں میں بہتری کےلئے نارمل فیس 3300 روپے، ڈبل فیس 4800 روپے اور ٹرپل فیس 6500 روپے ہو گی۔ سات مضامین کے مکمل حصہ اول یا حصہ دوم کےلئے نارمل فیس 3800 روپے، ڈبل فیس 5300 روپے اور ٹرپل فیس 6800 روپے ہو گی۔ حصہ اول اور حصہ دوم کے 14 مضامین میں نمبروں کی بہتری کیلئے فیس متعلقہ کیٹگری کے تحت لاگو ہو گی۔
امتحانی مرکز کے قیام کی فیس 80 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔ امتحانی مرکز کی تبدیلی کےلئے 5 ہزار روپے فیس وصول کی جائے گی۔ گزٹ یو ایس بی کی فیس 500 روپے جبکہ لکھاری (امانوینسس) کی سہولت کےلئے تین ہزار روپے فیس رکھی گئی ہے۔
تمام ادارے اور طلبہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ اپنے داخلہ فارم اور فیس مقررہ تاریخ سے تین دن قبل جمع کرائیں تاکہ اضافی فیس یا فارم کے مسترد ہونے سے بچا جا سکے۔ رول نمبر سلپس ریگولر طلبہ کے اداروں کو امتحانات سے ایک ماہ قبل ارسال کی جائیں گی جبکہ نجی طلبہ اپنی رول نمبر سلپس بورڈ کی ویب سائٹ سے ڈائون لوڈ کر سکیں گے۔ کسی بھی قسم کی تاخیر یا غیر مکمل داخلہ فارم مقررہ تاریخ کے بعد کسی صورت قبول نہیں کئے جائیں گے۔