بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن سرگودہا نے جماعت نہم کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کر دیا ۔
بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن سرگودہا کا جماعت نہم کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان ، کامیابی کی مجموعی شرح 42.61 فیصد رہی

مزید خبریں
سرگودھا۔ 02 ستمبر (اے پی پی):بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن سرگودہا نے جماعت نہم کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کر دیا ۔
بورڈ حکام کے مطابق امتحانات میں مجموعی طور پر ایک لاکھ 7 ہزار 782 امیدواروں نے شرکت کی، جن میں سے 45 ہزار 925 امیدوار کامیاب قرار پائے۔ امتحانات میں کامیابی کی مجموعی شرح 42.61 فیصد رہی۔ ریگولر طالبات کی کامیابی کی شرح 50.98 فیصد، ریگولر طلبا کی 37.31 فیصد، پرائیویٹ طالبات کی 44.46 فیصد جبکہ پرائیویٹ طلبا کی کامیابی کی شرح 26.39 فیصد رہی۔ امتحانات میں 46 ہزار 390 ریگولر امیدواروں نے شرکت کی، جن میں سے 17 ہزار 309 کامیاب ہوئے۔ریگولر طالبات میں 44 ہزار 585 امیدوار شریک ہوئیں اور 22 ہزار 729 کامیاب قرار پائیں۔
اسی طرح پرائیویٹ امیدواروں میں 8 ہزار 773 طلبا میں سے 2 ہزار 315 جبکہ 8 ہزار 34 طالبات میں سے 3 ہزار 572 امیدوار کامیاب ہوئیں۔ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن سرگودہا نے امیدواروں کی سہولت کے لیے نتائج اپنی سرکاری ویب سائٹ www.bisesargodha.edu.pk پر بھی جاری کر دیئے ہیں ، جہاں امیدوار اپنا نتیجہ آن لائن چیک کر سکتے ہیں۔ بورڈ حکام کے مطابق امیدوار اپنی جوابی کاپیوں کی ری چیکنگ کے لیے آن لائن درخواست فارم جمع کرا سکتے ہیں۔ مقررہ فیس جمع کروانے کے بعد ری چیکنگ کی سہولت نتیجہ جاری ہونے کے 15 دن کے اندر حاصل کی جا سکتی ہے۔








