بٹگرام،محکمہ واٹر منیجمنٹ کے زیر اہتمام کسان کنونشن کا انعقاد،پانی کی بچت اور جدید ٹیکنالوجی استعمال پر زور دیا گیا

205
Tanker Mafia
Tanker Mafia

بٹگرام۔ 05 ستمبر (اے پی پی):محکمہ واٹر منیجمنٹ نےپانی کی بچت اور کم پانی سے زیادہ پیداوار حاصل کرنے اور جدید ٹیکنالوجی استعمال میں لانے کےلئے کسان کنونشن کا انعقاد کیا جس میں کثیر تعداد میں کسانوں نے شرکت کی۔

کنونشن میں ڈی او واٹر منیجمنٹ فیصل یونس خان نے کہاکہ جس طرح واٹر منیجمنٹ کئی سالوں سے سورس کی پختگی اور پانی ذخیرہ کرنے کےلئے کاشتکاروں کو ٹینک بناکر دے رہاہے اس سے کاشتکار بھر پور فائدہ اٹھارہے ہیں،

اب ورلڈ بینک (کے پی آئی اے آئی پی ) کے تعاون سے 60 فیصد کاسٹ کی بنیاد پر جدید ٹیکنالوجی بٹگرام میں متعارف کرارہا ہے جس میں ڈرپ اریگیشن (جو پائپ کے ذریعے سے فصلوں کو پانی دینے کا پروگرام ہے) ،سپرنکلنگ اریگیشن جو فصلوں کو فواروں کی مدد سے سیراب کرتاہے اور لیزرلینڈ منصوبے شامل ہیں ،یہ ٹیکنالوجی نہ صرف زمینوں کو پانی دینے کےلئے استعمال میں لائی جاتی ہے بلکہ اس سے فصلوں کی پیداوار میں کئی گنا اضافہ اور پانی کی بچت ہوتی ہے۔

ڈی او نے کہاکہ موسمیاتی تبدیلی کا پوری دنیا کو سامنا کرنا پڑرہاہے جس سے دنیا میں پانی کم ہوتا جارہاہے ایسے حالات کا مقابلہ کرنے کےلئے جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لانا وقت کا تقاضا ہے۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عامراللہ خان نے اس موقع پر کہاکہ کاشتکار پانی کی قدر کریں اور اسے ضائع ہونے سے بچائیں کیونکہ پانی کی زیادہ ضروت بھی اسی طبقے کو ہوتی ہے، غلط منصوبہ بندی سے ضائع کرنے کی بھی ذمے دار یہی لوگ ہیں لہذا زراعت کے حوالے سے کام کرنے والے محکموں خصوصا واٹر منیجمنٹ کے پروگراموں سے بھر پور استفادہ حاصل کریں اور اپنی پیداوار بڑھائیں ۔انہوں نے کہاکہ حکومتی منصوبوں سے بروقت استفادہ حاصل کریں کیونکہ یہ زمینداروں کو مستحکم کرنے کےلئے شروع کیے گئے ہیں ،باغات پر توجہ دیں یہ ایک منافع بخش کاروبار ہے اور اپنی فصلوں میں اضافےکےلئے جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لائیں۔