بٹگرام ۔ 13 جون (اے پی پی):ٹریفک پولیس بٹگرام کی جانب سے کمسن موٹرسائیکل سواروں کی روک تھام کے لئے تعلیمی اداروں میں شعور و آگاہی مہم کا آغاز کر دیا گیا۔
ترجمان بٹگرام پولیس کے مطابق ڈی پی او بٹگرام شہباز الہی کی ہدایات پر ٹریفک وارڈنز پولیس نے ٹریفک قوانین سے آگاہی دینے اور کمسن رائیڈرز کی روک تھام کے لئے تعلیمی اداروں میں شعور و آگاہی مہم کا آغاز کر دیا ہے ۔
تعلیمی اداروں کے پرنسپل اور اساتذہ کرام سے میٹنگز بھی جاری ہیں۔ آگاہی مہم کے دوران ٹریفک وارڈنز نے کہا کہ کمسن ڈرائیورز و رائیڈرز کی بےاحتیاطی جان لیوا ثابت ہوتی ہے،
والدین اپنے کمسن بچوں کو موٹرسائیکل چلانے کی اجازت ہر گز نہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کرام اپنا کردار ادا کریں تا کہ جان لیوا حادثات کی روک تھام ہو سکے۔