بچوں سے جبری مشقت کے خاتمے کے لئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے،وفاقی محتسب

اسلام آباد ۔ 12 جون (اے پی پی) وفاقی محتسب محمد سلیمان فاروقی نے کہا ہے بچوں سے جبری مشقت کو صرف قانون پر عمل درآمد سے نہیں روکا جا سکتا بلکہ اس کے خاتمے کے لئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بچوں سے جبری مشقت کے خلاف عالمی دن کے موقع پر افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔تقریب سے سپیکر بلوچستان اسمبلی راحیلہ حمید درانی اور چیف چائلڈ پروٹیکشن ،یونیسف سارہ کولمند اور نیشنل کمشنر فار چلڈرن اعجاز احمد قریشی نے بھی تقریب سے خطاب کیا ۔سلمان فاروقی نے کہا کہ رواں سال رمضان المبارک کے مہینے میں بچوں سے جبری مشقت کے خلاف عالمی دن منایا جا رہا ہے اس ماہ مقدس میں ہر طرف رحمتوں کی بارش ہوتی ہے ہمیں اس مقدس مہینے کی برکتوں سے فیض یاب ہوتے ہوئے اپنے بچوں کی خیر خواہی ان کی تعلیم صحت اور بہتری پر توجہ دینی چاہیئے اور یہ صرف اسی صورت میں ہو سکتا ہے کہ جب ہم بچوں سے جبری طور پر مشقت نہ لیں ۔بچوں سے جبری مشقت کو صرف قانون پر عمل درآمد سے نہیں روکا جا سکتا بلکہ اس ناسور کی روک تھام کے لئے ہیمں اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔