بچوں سے مشقت کا خاتمہ اور تعلیم کا فروغ حکومت بلوچستان کی ترجیحات میں شامل ہے، وزیر اعلی بلوچستان

وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بچوں سے مشقت کے خلاف عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ حکومت بلوچستان بچوں کے حقوق کے تحفظ، تعلیم کے فروغ اور ان کے روشن مستقبل کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے

کوئٹہ۔ 12 جون (اے پی پی):وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بچوں سے مشقت کے خلاف عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ حکومت بلوچستان بچوں کے حقوق کے تحفظ، تعلیم کے فروغ اور ان کے روشن مستقبل کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ بچوں سے مزدوری نہ صرف ان کے بچپن کو متاثر کرتی ہے بلکہ ان کی تعلیم، صحت اور بہتر مستقبل کے مواقع بھی سلب کر لیتی ہے۔ ہر بچے کو تعلیم، تحفظ اور ترقی کے مساوی مواقع فراہم کرنا ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔وزیر اعلی نے کہا کہ بلوچستان حکومت چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لیے موثر اور عملی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے بتایا کہ صوبے کے 400سے زائد مزدور بچوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی کے لیے سکالرشپس پر ملک کے ممتاز تعلیمی اداروں میں بھیجا جا رہا ہے تاکہ وہ بہتر مستقبل کی جانب گامزن ہو سکیں۔میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بچوں کو مزدوری کے بجائے تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنا ایک خوشحال، ترقی یافتہ اور مہذب معاشرے کی بنیاد ہے۔ انہوں نے والدین، اساتذہ، سماجی تنظیموں اور معاشرے کے تمام طبقات پر زور دیا کہ وہ بچوں کے استحصال کے خاتمے اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے موثر کردار ادا کریں۔وزیر اعلی بلوچستان نے کہا کہ بچوں کا تحفظ اور فلاح و بہبود ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور ہر بچے کو اپنے خوابوں کی تعبیر کے لیے محفوظ، سازگار اور مثبت ماحول فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔