چارسدہ میں دیرینہ دشمنی کی بنا پر فائرنگ میں ملوث پانچ ملزمان سمیت 6 افراد گرفتار

شبقدر چارسدہ پولیس نے جمعہ کے روز کارروائی کرتے ہوئے سابقہ دشمنی کی بنا پر فائرنگ میں ملوث پانچ ملزمان سمیت 6 افراد گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کر لیا

پشاور۔ 12 جون (اے پی پی):شبقدر چارسدہ پولیس نے جمعہ کے روز کارروائی کرتے ہوئے سابقہ دشمنی کی بنا پر فائرنگ میں ملوث پانچ ملزمان سمیت 6 افراد گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کر لیا ۔ترجمان چارسدہ پولیس کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد وقاص خان کی ہدایات پر ضلع بھر میں جرائم پیشہ اور قانون شکن عناصر کے خلاف کارروائیاں تسلسل کے ساتھ جاری ہیں۔اسی سلسلے میں ڈی ایس پی عبدالرشید خان کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ شبقدر نوشیروان خان نے پولیس نفری کے ہمراہ کامیاب کارروائی کرتے ہوئے سابقہ دشمنی کی بنا پر ایک دوسرے پر اقدامِ قتل کی نیت سے فائرنگ کرنے والے پانچ ملزمان سمیت مجموعی طور پر 6 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے 3 کلاشنکوف، 2 رائفلیں، ایک پستول اور درجنوں مختلف بور کے کارتوس برآمد کر لیے گئے۔ گرفتار ملزمان کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔چارسدہ پولیس جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھے گی اور ضلع میں امن و امان کے قیام کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔