ضلع شیخوپورہ میں بھی عالمی یوم انسداد چائلڈ لیبر پر آگاہی واک اور تقریبات کا انعقاد عالمی یوم انسداد چائلڈ لیبر کے موقع پرڈسٹرکٹ لیبر ویلفیئر آفس شیخوپورہ کی جانب سے ضلع بھر میں خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا گیا
شیخوپورہ ،بچوں سے مشقت ختم کروانے تک مہم جاری رہے گی،ڈپٹی ڈائریکٹر

مزید خبریں
شیخوپورہ۔ 12 جون (اے پی پی):ضلع شیخوپورہ میں بھی عالمی یوم انسداد چائلڈ لیبر پر آگاہی واک اور تقریبات کا انعقاد عالمی یوم انسداد چائلڈ لیبر کے موقع پرڈسٹرکٹ لیبر ویلفیئر آفس شیخوپورہ کی جانب سے ضلع بھر میں خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔ڈی جی لیبر پنجاب سیدہ کلثوم حئ کے احکامات اور ڈائریکٹر لاہور ڈویژن عمران حیدر ٹیپو کی ہدایت پر منعقد ہونے والی سرگرمیوں کا آغاز ڈپٹی کمشنر آفس میں ڈسٹرکٹ ویجلنس کمیٹی کے اجلاس سے ہوا۔اجلاس کی سربراہی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نعمان علی ڈوگر نے کی،جس میں بچوں سے مشقت کےخاتمے کے لیے جاری اقدامات کا جائزہ لے کر آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا گیا۔بعد ازاں ڈپٹی ڈائریکٹر لیبر کاشف عزیز کی سربراہی میں لیبر آفس سے کچہری چوک تک آگاہی ریلی نکالی گئی۔
ریلی میں چائیلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو ہوم ڈیپارٹمنٹ، ریسکیو 1122، بھٹہ مزدور فیڈریشن، محکمہ سماجی بہبود اور دیگر سماجی اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ شرکاء نے بچوں سے مشقت کے خاتمے اور انہیں تعلیم کی فراہمی کی اہمیت کو اجاگر کیا۔اسی سلسلے میں ویلفیئر اسکول ساہو کی ملیاں میں طلبہ کے مابین تقریری مقابلے بھی منعقد کیے گئے، جن میں بچوں نے چائلڈ لیبر کے نقصانات اور تعلیم کی اہمیت پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔دن کے اختتام پر مختلف صنعتی اداروں میں چائلڈ لیبر کے حوالے سے آگاہی ورکشاپس کا انعقاد کیا گیا، جہاں مالکان اور کارکنوں کو بچوں سے مشقت کے خاتمے کے لیے موجودہ قوانین اور حکومتی اقدامات سے آگاہ کیاگیامحکمہ لیبر کا کہنا ہے کہ بچوں سے مشقت کے مکمل خاتمے تک مہم جاری رہے گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔








