پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے75 سال مکمل ہونے کی مناسبت سے تقریب کا انعقاد

پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے75 سال مکمل ہونے کی مناسبت سے تقریب کا انعقاد

لاہور۔12جون (اے پی پی):پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے75 سال مکمل ہونے کی مناسبت سے لاہور کےمقامی تعلیمی ادارے میں پر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں دونوں ممالک کے درمیان تاریخی دوستی،ثقافتی ہم آہنگی اور تعلیمی تعاون کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا گیا۔

مہمانِ خصوصی لاہور میں چین کے قونصل جنرل سن یان تھے، جنہوں نے ادارے کے چینی زبان کے مرکز کا دورہ کیا اور وہاں زیرِ تعلیم طلبہ سے چینی زبان میں گفتگو کی۔اس موقع پر ادارے کے سینئر تعلیمی عہدیداروں نے مہمانِ خصوصی کا خیرمقدم کرتے ہوئے پاک چین تعلقات کی اہمیت اور دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے تعلیمی روابط پر روشنی ڈالی۔

مرکزی آڈیٹوریم میں منعقدہ تقریب میں اساتذہ،طلبہ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکا کو پاک چین تعلقات کی تاریخ پر مبنی دستاویزی فلم دکھائی گئی جبکہ گزشتہ برس چین کے قومی دن کی تقریبات کی جھلکیاں بھی پیش کی گئیں۔

تقریب کے دوران طلبہ نے چینی اور پنجابی ثقافت کی عکاسی کرنے والے گیت پیش کئے،جنہیں حاضرین نے بھرپور داد دی۔اپنے خطاب میں قونصل جنرل سن یان نے ادارے اور چینی قونصل خانے کے درمیان خوشگوار تعلقات کو سراہتے ہوئے طلبہ کی صلاحیتوں اور ثقافتی پرفارمنس کو قابلِ تحسین قرار دیا۔

انہوں نے اعلان کیا کہ پاکستانی طلبہ کیلئے چینی وظائف کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا اور چین کی جامعات کے ساتھ مزید تعلیمی،تحقیقی اور ثقافتی تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ نوجوان نسل دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔تقریب کے اختتام پر مہمانِ خصوصی کو یادگاری شیلڈ پیش کی گئی جبکہ پاکستان اور چین کے پرچموں سے مزین خصوصی کیک کاٹ کر سفارتی تعلقات کے75 سال مکمل ہونے کا جشن منایا گیا۔بعد ازاں شرکا کے اعزاز میں ہائی ٹی کا اہتمام بھی کیا گیا،جہاں باہمی روابط کے فروغ اور مستقبل کے تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔