اسلام آباد۔12جون (اے پی پی):نیشنل ٹیرف پالیسی (این ٹی پی) 30-2025 کے تحت وفاقی حکومت نے کسٹمز ڈیوٹی میں کمی کا فیصلہ کیا ہے۔ جمعہ کو قومی اسمبلی میں پیش کئے گئے فنانس بل 27-2026 کے مطابق پہلے سے عائد 20 فیصد کسٹمز ڈیوٹی کو 15 اور 10 فیصد جبکہ 15 فیصد سے 10 فیصد اور 10 فیصد سے 5 فیصد تک کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ قبل ازیں …
وفاقی حکومت کا نیشنل ٹیرف پالیسی 30-2025 کے تحت کسٹمز ڈیوٹی میں کمی کا فیصلہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔12جون (اے پی پی):نیشنل ٹیرف پالیسی (این ٹی پی) 30-2025 کے تحت وفاقی حکومت نے کسٹمز ڈیوٹی میں کمی کا فیصلہ کیا ہے۔ جمعہ کو قومی اسمبلی میں پیش کئے گئے فنانس بل 27-2026 کے مطابق پہلے سے عائد 20 فیصد کسٹمز ڈیوٹی کو 15 اور 10 فیصد جبکہ 15 فیصد سے 10 فیصد اور 10 فیصد سے 5 فیصد تک کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
قبل ازیں نافذ 5 فیصد کسٹمز ڈیوٹی کو ختم کردیا گیا ہے۔ حکومت نے 92 ٹیرف لائنز کے تحت مختلف صنعتوں کے خام مال پر عائد ڈیوٹی میں کمی کا فیصلہ کیا ہے۔ فنانس بل کے مطابق وفاقی حکومت نے ایڈیشنل کسٹمز ڈیوٹی کی شرح کو بھی کم کرنے کے حوالہ سے فیصلہ کیا ہے کہ 449 ٹیرف لائینز پر ایڈیشنل کسٹمز ڈیوٹی کو 6 فیصد سے 4 فیصد تک کم کیا جائے گا جبکہ 2107 ٹیرف لائینز پر عائد ڈیوٹی کی شرح 4 فیصد سے 2 فیصد کردی گئی ہے۔ مزید برآں وفاقی حکومت نے 569 مختلف ٹیرف لائینز پر عائد 2 فیصد ایڈیشنل کسٹمز ڈیوٹی ختم کردی ہے۔ فنانس بل 27-2026 کے مطابق حکومت نے ریگولیٹری ڈیوٹی کی مد میں بھی ریلیف کے فیصلہ کے تحت 20 فیصد سے زیادہ ریگولیٹری ڈیوٹی کو 359 مختلف ٹیرف لائینز کےلئے 20 فیصد تک کر دیا ہے جبکہ 1347 ٹیرف لائینز پر عائد ریگولیٹری ڈیوٹی کی شرح میں 20 فیصد کی کمی کا فیصلہ کیا ہے جس سے قبل ازیں عائد 2.5 تا 20 ریگولیٹری ڈیوٹی میں 20 فیصد کمی کی جائے گی۔ اسی طرح 208 مختلف ٹیرف لائینز کے تحت ایک، دو اور 2.5 فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی کی شرح میں بھی 20 فیصد کی کمی کی جائے گی یا اس کو مکمل طور پر ختم کردیا جائے گا۔ وفاقی حکومت نے تعمیراتی شعبہ کی مشینری پر عائد 20 فیصد کسٹمز ڈیوٹی کو بھی 10 فیصد تک کم کردیا ہے جبکہ دفاع کے حوالہ سے کی جانے والی درآمدات کو کسٹمز ڈیوٹی سے مستثنیٰ قرار دیا ہے۔ فنانس بل کے مطابق زرعی مشینری کو کسٹمز ڈیوٹی ، ایڈیشنل کسٹمز ڈیوٹی اور ریگولیٹری ڈیوٹی سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔





