ریسکیو 1122 پشاور کی جانب سے محرم الحرام کے حوالے سے ایمرجنسی پلان
ریسکیو 1122 پشاور کی جانب سے محرم الحرام کے حوالے سے ایمرجنسی پلان جاری

مزید خبریں
پشاور۔ 12 جون (اے پی پی):ریسکیو 1122 پشاور کی جانب سے محرم الحرام کے حوالے سے ایمرجنسی پلان جاری کر دیا گیا ہے۔ ریسکیو 1122 پشاور کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر افتخار خان کی زیرِ صدارت ریسکیو 1122 پشاور کا خصوصی اجلاس ڈسٹرکٹ آفس میں منعقد ہوا۔
اجلاس میں ایمرجنسی آفیسرز، اسٹیشن ہاؤس انچارجز اور کنٹرول روم انچارج نے شرکت کی۔محرم الحرام کے دوران سکیورٹی و ایمرجنسی انتظامات کے حوالے سے تمام افسران کو ریسکیو 1122 کے خصوصی ایمرجنسی پلان پر بریفنگ دی گئی۔ پلان کے مطابق ڈسٹرکٹ پشاور کے ریسکیو اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔ مجالس، امام بارگاہوں، جلوسوں اور ان کے داخلی و خارجی راستوں پر ریسکیو کیمپ قائم کیے جائیں گے جہاں ایمبولینسز، میڈیکل ٹیمیں اور ریسکیو اہلکار تعینات ہوں گے تاکہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں عزاداروں کو بروقت طبی امداد اور بہتر ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر افتخار خان نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ محرم الحرام کے دوران عوام کو بہترین ایمرجنسی سروسز کی فراہمی کےلیے ہمہ وقت تیار رہیں اور تمام وسائل کو فعال رکھا جائے۔






