آٹو سیکٹر ہماری معیشت کے اہم شعبوں میں شمار ہوتا ہے،وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب

وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ آٹو سیکٹر ہماری معیشت کے اہم شعبوں میں شمار ہوتا ہے،اس اہم شعبے کی ترقی کے لیے گزشتہ ایک دہائی میں ترقیاتی پالیسیاں متعارف کرائی گئیں جن سے اس صنعت کو فروغ ملا اور ملک میں او ای ایم ایس / اسمبلرز کی تعداد بڑھ کر ایک سو اٹھارہ (118) ہو گئی

اسلام آباد۔12جون (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ آٹو سیکٹر ہماری معیشت کے اہم شعبوں میں شمار ہوتا ہے،اس اہم شعبے کی ترقی کے لیے گزشتہ ایک دہائی میں ترقیاتی پالیسیاں متعارف کرائی گئیں جن سے اس صنعت کو فروغ ملا اور ملک میں او ای ایم ایس / اسمبلرز کی تعداد بڑھ کر ایک سو اٹھارہ (118) ہو گئی۔ ان میں ٹریکٹر اور موٹر سائیکل، مسافر گاڑیوں اور کمرشل گاڑیوں کے مینوفیکچرز شامل ہیں۔ نئے مینوفیکچرنگ پلانٹس اور جدید ٹیکنالوجیز میں نمایاں سرمایہ کاری ہوئی ہے جس سے اس شعبے میں مسابقت بڑھی ہے اور شعبے میں جدید کاری ہوئی ہے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ اس وقت ایک نئی آٹو سیکٹر پالیسی وزیر اعظم کی تشکیل کردہ کمیٹی کے زیر غور ہے جس کی تفصیلات وزیر اعظم اور وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد پارلیمنٹ کے سامنے پیش کی جائیں گی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ الیکٹرک موٹر سائیکلز، رکشوں، گاڑیوں اور بسوں پر موجودہ رعایتی نظام اگلے سال بھی برقرار رہے گا۔ اس سلسلے میں درآمد کیے جانے والے الیکٹرک ٹرکوں پر بھی ایک فیصد سیلز ٹیکس کی سہولت فراہم کرنے کی تجویز ہے۔ تاہم حکومت کی کوشش ہے کہ ان سہولیات سے انتہائی مہنگی الیکٹرک گاڑیاں فائدہ نہ اٹھا سکیں۔