کرک ،شہید پولیس اہلکار نصیر اللہ کو پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کر دیا گیا

شہید پولیس اہلکار نصیر اللہ کو پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک

پشاور۔ 12 جون (اے پی پی):شہید پولیس اہلکار نصیر اللہ کو پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کر دیا گیا۔تر جمان کر کے پولیس کے مطابق شہید کی نمازِ جنازہ اور تدفین میں ایس پی انوسٹی گیشن کمال حاصل سمیت پولیس افسران، جوانوں، عمائدین علاقہ، منتخب نمائندوں اور ہزاروں کی تعداد میں مقامی افراد نے شرکت کرکے شہید کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔

اس موقع پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہید کے جسدِ خاکی کو سلامی پیش کی جبکہ شہید کی عظیم قربانی کو بھرپور انداز میں خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ بعد ازاں شہید کو پورے سرکاری اعزاز، عزت و احترام اور مقامی روایات کے مطابق آبائی قبرستان میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کرک عمران خان نے شہید کے قبر پر حاضری دے شہید کے قبر پر پھول چڑھائے اور شہید کے بلند درجات کیلئے دعا کی۔ جبکہ ڈی پی او عمران خان نے شہید کے گھر جاکر وہاں پر شہید کی فاتحہ خوانی میں شرکت کی اور شہید کے بچوں اور رشتہ داروں کے ساتھ مل کر دلی ہمدردی کا اظہار کرکے تعزیت کی۔ اس موقع پر ڈی پی او عمران خان نے اپنے عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ ہمارے پولیس جوان کے قاتلوں کو کسی صورت نہیں بخشا جائے گا۔ ڈی پی او عمران خان کا کہنا تھا کہ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور امن و امان کے قیام کے لیے دی جانے والی ان لازوال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ کرک پولیس اپنے شہداء کی عظیم خدمات اور قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے اور شہید کے اہلِ خانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے۔