آسٹریلیا کے محکمہ پرائمری انڈسٹریز اینڈ ریجنل ڈیولپمنٹ (NSW) کے پرنسپل ریسرچ سائنٹسٹ ڈاکٹر طاہر خورشید نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے زراعت میاں محمد عمر سے ملاقات کی۔
مشیر زراعت کے پی کے سے آسٹریلوی ماہرِ زراعت کی ملاقات، ترشاوہ پھلوں کے پروگرام کے بارے میں کارکردگی کو سراہا

مزید خبریں
پشاور۔ 12 جون (اے پی پی):آسٹریلیا کے محکمہ پرائمری انڈسٹریز اینڈ ریجنل ڈیولپمنٹ (NSW) کے پرنسپل ریسرچ سائنٹسٹ ڈاکٹر طاہر خورشید نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے زراعت میاں محمد عمر سے ملاقات کی۔
محکمہ زراعت خیبرپختونخوا تر جمان کے مطابق ملاقات میں سیکرٹری زراعت ڈاکٹر محمد بختیار خان بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران ڈاکٹر طاہر خورشید نے زرعی تحقیقی ادارہ ترناب میں ترشاوہ پھلوں (Citrus) کے پروگرام بارے شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ترناب فارم کے سائنسدانوں نے منصوبے کے تحت حاصل ہونے والی ترشاوہ پھلوں کی اقسام پر نہایت مؤثر اور کامیاب انداز میں کام کیا گیاہے۔ انہوں نے بتایا کہ ادارے کے سائنسدانوں نے مالٹے کی متعدد اقسام کی منظوری حاصل کرکے ان کی کاشت کے فروغ کے لیے کسانوں میں تقسیم کا عمل بھی شروع کر دیا ہے۔ڈاکٹر طاہر خورشید نے مزید بتایا کہ منصوبے کے تحت حاصل کیے گئے Citrus Rootstocks کو بھی صوبائی سیڈ کونسل سے منظور کروا کر رجسٹرڈ نرسریوں تک ان کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے۔ ان کے مطابق زرعی تحقیقی ادارہ ترناب کے سائنسدان اب تک ترشاوہ پھلوں کی 13 اقسام کی منظوری حاصل کر چکے ہیں اور یہ اقسام کاشتکاروں کو فراہم کی جا رہی ہیں جس سے صوبے میں ترشاوہ پھلوں کی پیداوار اور معیار میں مزید بہتری آئے گی۔اس موقع پر ڈاکٹر طاہر خورشید نے مشیر زراعت کو یقین دہانی کرائی کہ وہ مستقبل میں ترشاوہ پھلوں کے Dwarfing Rootstocks اور جاپانی پھل کی جدید اقسام بھی فراہم کریں گے تاکہ صوبے میں باغبانی کے شعبے کو مزید فروغ دیا جا سکے۔ مشیر زراعت اور محکمہ زراعت کے حکام نے اس تعاون پر ڈاکٹر طاہر خورشید اور آسٹریلوی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔







