حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹریز
وفاقی بجٹ 27-2026 صنعت و کاروبار کے لیے مثبت پیش رفت ہے،: نائب صدر حیدرآباد چیمبر

مزید خبریں
حیدرآباد۔ 12 جون (اے پی پی):حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹریز کے سینئر نائب صدر ادریس چوھان نے وفاقی بجٹ 27-2026 پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے پیش کیا گیا بجٹ مجموعی طور پر متوازن اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے مثبت اقدامات پر مبنی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بجٹ میں تنخواہ دار طبقے کے لیے ٹیکس میں 7 فیصد کمی ایک اہم فیصلہ ہے، جس سے ملازمت پیشہ افراد کو ریلیف ملے گا۔ انہوں نے موٹر سائیکل سمیت دیگر ضروری اشیاء پر نئے ٹیکس عائد نہ کرنے کے اقدام کو بھی عوام کے لیے خوش آئند قرار دیا۔ ادریس چوھان نے کہا کہ سپر ٹیکس کا خاتمہ ایک بڑا اور حوصلہ افزا فیصلہ ہے، جس پر وزیراعظم اور حکومت مبارکباد کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اس اقدام سے صنعتکاروں اور کاروباری طبقے کو سہولت ملے گی جبکہ سرمایہ کاری کے فروغ میں مدد حاصل ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ حیدرآباد چیمبر کی جانب سے حیدرآباد ایئرپورٹ کو فعال بنانے اور اسے جدید سہولیات سے آراستہ کرنے کی تجویز بھی پیش کی گئی ہے، تاکہ دیگر علاقوں سے صنعتکار اور کاروباری افراد آسانی سے حیدرآباد آ سکیں اور شہر میں تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دیا جا سکے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومت بجٹ میں شامل اقدامات پر مؤثر عملدرآمد کرے گی، جس کے نتیجے میں ملکی معیشت اور کاروباری ماحول مزید بہتر ہوگا۔






