راولپنڈی ،ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت محرم الحرام کے انتظامات کے حوالے سے اہم اجلاس، تمام تیاریاں قبل از وقت مکمل کرنے کی ہدایت

راولپنڈی ،ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت محرم الحرام کے انتظامات کے حوالے سے اہم اجلاس، تمام تیاریاں قبل از وقت مکمل کرنے کی ہدایت

راولپنڈی۔ 12 جون (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر حسن وقار چیمہ کی زیر صدارت محرم الحرام کے انتظامات کے حوالے سے لائسنس ہولڈرز اور الائیڈ محکموں کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو کیپٹن (ر) شہریار شیرازی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ملیحہ سحر، تمام اسسٹنٹ کمشنرز، پولیس اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران سمیت لائسنس ہولڈرز نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز نے مجالس اور ماتمی جلوسوں کے انتظامات، سیکیورٹی، صفائی، لائٹنگ، راستوں کی کلیئرنس اور دیگر ضروری امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر نے نشاندہی کیے گئے تمام کاموں کو فوری طور پر مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے دوران عزاداران کو ہر ممکن سہولت کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

ڈپٹی کمشنر نے اس بات پر زور دیا کہ سیکیورٹی انتظامات کو مؤثر بنانے کے لیے پولیس اور لائسنس ہولڈرز کے درمیان قریبی رابطہ اور مربوط کوآرڈینیشن انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ لائسنس ہولڈرز کے رضاکاروں کی فہرستیں فوری طور پر متعلقہ اداروں سے تصدیق کروائی جائیں تاکہ سیکیورٹی پلان پر مؤثر انداز میں عملدرآمد کیا جا سکے۔اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ تمام متعلقہ محکمے محرم الحرام کے انتظامات اور ترقیاتی کاموں کی قبل از وقت تکمیل کے سرٹیفکیٹس جمع کرائیں گے۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ محرم الحرام کے پرامن انعقاد اور امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کے لیے تمام حفاظتی اور انتظامی اقدامات پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے