محرم الحرام کی آمد سے قبل راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کاصفائی ستھرائی، نکاسی آب اور دیگر انتظامی اقدامات کا آغاز

محرم الحرام کی آمد سے قبل راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ نے صفائی ستھرائی، نکاسی آب اور دیگر انتظامی اقدامات کا آغاز کر دیا ہے جسے شہریوں اور مذہبی حلقوں نے خوش آئند قرار دیتے ہوئے سراہا ہے۔

راولپنڈی۔12جون (اے پی پی):محرم الحرام کی آمد سے قبل راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ نے صفائی ستھرائی، نکاسی آب اور دیگر انتظامی اقدامات کا آغاز کر دیا ہے جسے شہریوں اور مذہبی حلقوں نے خوش آئند قرار دیتے ہوئے سراہا ہے۔ مذہبی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ بروقت انتظامات سے عزاداران کو بہتر اور سازگار ماحول میسر آئے گا۔ متولی و سجادہ نشین دربار عالیہ سید سخی شاہ پیارا کاظمی المشہدی سرکار، باوا سید قاسم علی شاہ کاظمی المشہدی نے اپنے بیان میں کہا کہ محرم الحرام سے قبل صفائی، نکاسی آب اور دیگر سہولیات کی فراہمی کے لیے کیے گئے اقدامات قابل تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان انتظامات سے عزاداران کو صاف ستھرا اور محفوظ ماحول فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عامر رشید، اسسٹنٹ کمشنر کینٹ سعدالرحمن، ڈپٹی سی ای او ناصر کمال اور پبلک ہیلتھ آفیسر خلیل اللہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہاکہ انتظامیہ کی جانب سے بروقت اور مؤثر اقدامات عوامی خدمت اور ذمہ داری کے احساس کا مظہر ہیں۔ باوا سید قاسم علی شاہ کاظمی المشہدی نے امید ظاہر کی کہ محرم الحرام کے دوران جاری انتظامات مکمل ذمہ داری، مؤثر نگرانی اور تسلسل کے ساتھ برقرار رکھے جائیں گے تاکہ عزاداران کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

مزید خبریں