پنجاب اسمبلی، آزاد کشمیر میں شہید ہونے والے پاک فوج کے جوانوں کے حق میں قرارداد جمع

پنجاب اسمبلی میں آزاد جموں و کشمیر میں پیش آنے والے واقعے میں شہید ہونے والے افواجِ پاکستان کے افسران اور جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے قرارداد جمع کرا دی گئی

لاہور۔12جون (اے پی پی):پنجاب اسمبلی میں آزاد جموں و کشمیر میں پیش آنے والے واقعے میں شہید ہونے والے افواجِ پاکستان کے افسران اور جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے قرارداد جمع کرا دی گئی۔قرارداد مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی اور چیف وہپ رانا محمد ارشد کی جانب سے اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کروائی گئی۔قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ پنجاب اسمبلی کا یہ ایوان پاکستان کی مسلح افواج کے بہادر افسران اور جوانوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتا ہے جنہوں نے وطن عزیز کی سلامتی، خودمختاری اور دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ قرارداد میں مظفر آباد آزاد جموں و کشمیر میں پیش آنے والے المناک واقعے میں شہید ہونے والے افواجِ پاکستان کے جوانوں اور افسران کی عظیم قربانیوں کو سلام پیش کیا گیا ہے۔قرارداد میں شہدا کے بلند درجات، مغفرت اور جنت الفردوس میں اعلی مقام کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا گیا کہ قوم اپنے شہدا کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔

ایوان نے ’’معرکہ حق‘‘ کی کامیابیوں پر افواجِ پاکستان، سکیورٹی اداروں اور پوری قوم کو مبارکباد بھی پیش کی۔متن کے مطابق پنجاب اسمبلی نے افواجِ پاکستان کی ملکی دفاع،امن و استحکام اور قومی سلامتی کے لیے بے مثال خدمات کو سراہتے ہوئے شہدا کے اہل خانہ، لواحقین اور ورثا کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔قرارداد میں ان کے صبر،حوصلے اور عظیم قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔قرارداد میں فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کی جرأتمندانہ قیادت، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور قومی دفاع کے لیے گراں قدر خدمات کو بھی سراہا گیا ہے۔علاوہ ازیں وزیراعظم محمد شہباز شریف، سابق وزیراعظم محمد نواز شریف، وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف اور حکومت پاکستان کی جانب سے افواجِ پاکستان اور شہدا کے خاندانوں کی فلاح و بہبود کے لیے کیے گئے اقدامات کو بھی قابلِ ستائش قرار دیا گیا۔قرارداد کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ شہدا کی قربانیاں ہمیشہ قوم کے لیے مشعلِ راہ رہیں گی۔ایوان نے دعا کی کہ اللہ تعالی تمام شہدا کے درجات بلند فرمائے،ان کے اہل خانہ کو صبرِ جمیل عطا کرے اور پاکستان کو ہمیشہ امن، ترقی اور استحکام سے نوازے۔

مزید خبریں