موجودہ معاشی چیلنجز اور مشکلات کے باوجود حکومت عوام دوست اور ریلیف پر مبنی بجٹ پیش کرے گی، سیدہ نوشین افتخار

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رکن قومی اسمبلی سیدہ نوشین افتخار نے کہا ہے کہ موجودہ معاشی چیلنجز اور مشکلات کے باوجود حکومت عوام دوست اور ریلیف پر مبنی بجٹ پیش کرے گی

اسلام آباد۔11جون (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رکن قومی اسمبلی سیدہ نوشین افتخار نے کہا ہے کہ موجودہ معاشی چیلنجز اور مشکلات کے باوجود حکومت عوام دوست اور ریلیف پر مبنی بجٹ پیش کرے گی جس میں بالخصوص کم آمدنی والے طبقے کے مفادات کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔جمعرات کے روز آئندہ وفاقی بجٹ کے حوالے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کا واضح وژن ہے کہ عام آدمی پر مزید مالی بوجھ نہ ڈالا جائے۔ حکومت غریب اور محنت کش طبقے کو درپیش مشکلات سے بخوبی آگاہ ہے اور انہیں زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔

سیدہ نوشین افتخار نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) ہمیشہ عوام کے ساتھ کھڑی رہی ہے اور عوامی فلاح و بہبود کو اپنی ترجیحات میں سرفہرست رکھتی ہے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ آنے والا بجٹ عوام اور مزدور دوست ہوگا جس کے ذریعے شہریوں کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کرنے اور ملکی معیشت کو مستحکم بنیادوں پر استوار کرنے میں مدد ملے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی تمام تر توجہ عوامی مشکلات کے خاتمے، روزگار کے مواقع میں اضافے اور معاشی ترقی کے فروغ پر مرکوز ہے تاکہ ملک کو پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکے۔

مزید خبریں