بڑھتی آبادی کی خوراک پوری کرنے کےلئے زرعی شعبے میں انقلابی اقدامات کی ضرورت ہے،ترجمان آری

123

فیصل آباد۔ 15 جنوری (اے پی پی):ریسرچ انفارمیشن یونٹ ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آبادنے کہا کہ کسانوں کو زرعی اجناس کی بھرپور قوت مدافعت اور زیادہ پیداواری صلاحیت کی حامل نئی اقسام کی فراہمی ادارے کی اولین ترجیح ہے ، ترقی پسند کاشتکاروں کو منافع بخش اقسام کی کاشت کیلئے تمام ممکن رہنمائی بھی فراہم کی جا رہی ہے تاکہ وہ گندم، کماد، دھان، کپاس، سورج مکھی،مکئی سمیت دیگر پھلوں و سبزیوں کی بمپر کراپس حاصل کرکے نہ صرف ملکی ضروریات پوری کرسکیں بلکہ ضرورت سے زائد زرعی اجناس، پھلوں، سبزیوں کی برآمد سے زرمبادلہ بھی حاصل کیاجاسکے۔

یہ بات آری کے ترجمان نے ایک بیان میں کہی۔انہوں نے فوڈسکیورٹی اورفصلوں کے اجزائے خوراک کی اہمیت پر بھی زوردیا۔انہوں نے کہا کہ آلو، مکئی و دیگر سبزیاں دوسرے شہروں کو سپلائی کی جاتی ہیں، انہوں نے سبزیوں کیلئے بیج اور ٹنل فارمنگ وجدید کاشتکاری پرزوردیتے ہوئے کہاکہ ملک کی بڑھتی ہوئی آبادی کی خوراک کی ضروت پوری کرنے کیلئے زرعی شعبے میں انقلابی اقدامات کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں بڑھتی کیمیائی کھادوں کی ضرورت کو پورا کرنے کیلئے درآمدی کھادوں پر انحصار کیا جارہا ہے اس لئے متوازن کھادوں کے استعمال و افادیت کے بارے میں بھی کاشتکاروں کو مناسب آگاہی فراہم کرناہو گی۔