بھارت، لکھنؤ میں آئی فون کی قیمت کی ادائیگی سے بچنے کے لیے ڈیلیوری بوائے قتل

73

نئی دہلی ۔2اکتوبر (اے پی پی):بھارتی ریاست اُترپردیش کے دارالحکومت لکھنؤ میں آئی فون کی قیمت کی ادائیگی سے بچنے کے لیے ڈیلیوری بوائے کو قتل کر دیا گیا ۔ اردو نیوز کے مطابق لکھنؤ میں ایک شخص نے ای کامرس ویب سائٹ سے کیش آن ڈیلیوری پر آئی فون آرڈر کیا ، جب ڈیلیوری بوائے فون لے کر آیا تو آرڈر کرنے والے شخص نے قیمت کی ادائیگی سے بچنے کے لیے اسے قتل کر دیا،آئی فون کی قیمت بھارتی کرنسی میں ڈیڑھ لاکھ روپے تھی۔

ملزم نے ڈیلیوری بوائے کو قتل کرنے کے بعد اس کی نعش کو اندرا نہر میں پھینک دیا ۔ حکام کے مطابق مقتول کی لاش کی تلاش جاری ہے۔پولیس کے ڈپٹی کمشنر ششانک سنگھ نے بتایا ہے کہ گنجن کی جانب سے ای کامرس ویب سائٹ فلپ کارٹ سے آئی فون آرڈر کیا گیا اور اس آرڈر کی ادائیگی کا طریقہ کار کیش آن ڈلیوری رکھا گیا ۔ڈیلیوری بوائے کی شناخت بھرت ساہو کے نام سے ہوئی ہے اور اس کا تعلق نشاط گنج سےہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ ڈیلیوری بوائے بھرت سہو ایک ہفتہ قبل آئی فون پہنچانے گنجن کے گھر گیا تھا،جب دو دن تک ڈیلیوری بوائے گھر نہ لوٹا تو اس کے خاندان نے پولیس سٹیشن میں اس کی گمشدگی کی رپورٹ درج کروائی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ انہوں نے بھرت سہو کے موبائل کی مدد سے اس کی آخری لوکیشن کا پتہ لگایا جس کے بعد پولیس قاتل تک پہنچنے میں کامیاب ہوئی۔