بھارت، نیپال اور بنگلہ دیش کے کئی حصوں میں شدید بارشوں اور سیلاب سے لاکھوں افراد متاثر ، سینکڑوں ہلاک

180

نئی دہلی ۔8جولائی (اے پی پی):بھارت، نیپال اور بنگلہ دیش کے کئی حصوں میں شدید بارشوں اور سیلاب سے لاکھوں افراد متاثر اور سینکڑوں ہلاک ہو گئےہیں،متاثرہ علاقوں میں بڑے پیمانے پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور ہزاروں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے ، سیلابی پانی میں پھنسے ہوئے خاندانوں کو خوراک اور دیگر ضروری اشیاء فراہم کی جا رہی ہیں۔ بھارت کے شہر ممبئی میں موسلادھار بارشو ں کے باعث کئی سڑکیں ٹوٹ جانے کی وجہ سے پیر کو متعدد سکول بند کر دیے گئے ۔ برہم پتر اور کوشی سمیت بڑے دریا جو جنوبی ایشیا کے کئی ممالک سے گزرتے ہیں، میں شدید بارشوں کے باعث طغیانی آچکی ہے۔نیپال میں موسلادھار بارشوں کے نتیجے میں لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب سے چند دنوں میں 14 اموات رپورٹ کی گئی ہیں، اہم شاہراہیں بند اور کئی پل سیلابی ریلوں میں بہہ گئے ہیں۔

مقامی حکام کے مطابق مون سون کے دوران اب تک مجموعی اموات 40 سے تجاوز کر چکی ہیں۔ نیپال اور بھارت سے گزرنے و الا دریا کوشی خطرے کی سطح سے اوپر بہہ رہا ہے۔ بھارتی ریاست آسام میں سیلاب سے تقریباً 24 لاکھ متاثر ہوئے ہیں جبکہ مئی کے وسط سے اب تک 66 اموات رپورٹ ہو چکی ہیں۔ حکام کے مطابق آنے والے دنوں میں دریا برہم پتر میں پانی کی سطح میں اضافہ ہو سکتاہے۔بھارت اور بنگلہ دیش میں دریائے برہم پتر میں طغیانی کے باعث اس کے قریبی علاقوں میں سڑکیں اور وسیع زرعی زمینیں زیر آب آ گئی ہیں،کئی رہائشی علاقوں میں سیلابی پانی کھڑا ہو نے سے لوگ اپنا گھر بار چھوڑ کر محفوظ مقامات پر منتقل ہو چکے ہیں، کئی پل اور سڑکیں بہہ گئی ہیں جس سے دور دراز کے دیہات کا رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔بھارت کی ریاست آسام کے زیرنگا نیچر ریزرو میں سیلاب کے باعث کئی جانور ہلاک ہو گئے ہیں۔