بھارتی آرمی چیف غیر ذمے دارانہ بیانات کے ذریعے جنگ کے شعلے بھڑکا رہے ہیں،ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور

76
آئی ایس پی آر
آئی ایس پی آر

راولپنڈی ۔ 25 اکتوبر (اے پی پی) ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (ڈی جی آئی ایس پی آر) میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ بھارتی آرمی چیف غیر ذمے دارانہ بیانات کے ذریعے جنگ کے شعلے بھڑکا رہے ہیں اور خطے کے امن کو خطرے میں ڈال رہے ہیں، وہ یہ سب اپنے سیاسی آقاؤں کے مفادات کیلئے کر رہے ہیں۔ جمعہ کو اپنے ٹویٹ میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ جعلی سرجیکل اسٹرائیک سے لے کر اب تک انہیں سوائے اس کے کوئی کامیابی نہیں ملی کہ انہوں نے اپنی فوج کو روگ (سرکش) فورس میں تبدیل کردیا ہے اور اپنے فوجیوں کی ہلاکت کا سبب بنے۔ ترجمان پاک فوج نے کہا کہ بھارتی آرمی چیف کے بیانات معصوم لوگوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں، پاکستان کی مسلح افواج کے ہاتھوں بھارتی فوجیوں کو ہونے والے نقصانات، نام نہاد تکنیکی غلطی کی وجہ سے ہونے والے ہیلی کاپٹر کریشز اور اپنے ہی فوجیوں کی ہلاکت، ان سب کا مقصد بھارتی آرمی چیف کا بھارتی چیف آف ڈیفنس اسٹاف بننا ہے لیکن یہ سب پیشہ وارانہ فوجی اخلاقیات کی قیمت پر ہو رہا ہے۔