نئی دہلی ۔13مارچ (اے پی پی):بھارتی ارب پتی مکیش امبانی کے جیو پلیٹ فارمز نےکہا ہے کہ اس نے اپنے صارفین کو سٹارلنک کی سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروس پیش کرنے کے لئے ایلون مسک کے سپیس ایکس کے ساتھ معاہدے پر دستخط کئے ہیں۔ العربیہ کے مطابق حریف کمپنی بھارتی ایئرٹیل نے اسی طرح کے ایک معاہدے پر ایک دن قبل دستخط کیے جس کے بعد یہ اعلان کیا گیا۔
مہینوں پہلے مسک اور امبانی کی کمپنیوں میں اس بات پر تصادم ہوا کہ سیٹلائٹ سپیکٹرم کس طریقے سے دیا جائے،کم بلندی والے مصنوعی سیاروں کا استعمال کرتے ہوئے دور دراز کے مقامات تک تیز رفتار انٹرنیٹ تک رسائی فراہم کرنے والے سٹارلنک کے ممکنہ آغاز کے لیے بھارت میں کم ترین قیمتوں سے لے کر سپیکٹرم مختص کرنے تک کے معاملات پر سخت بحث ہوئی ۔ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اس معاہدے کے تحت جیو اپنے آؤٹ لیٹس میں سٹارلنک کا ساز و سامان فراہم کرے گا اور بھارتی فرم کسٹمر سروس کی تنصیب اور ایکٹیویشن میں بھی مدد دے گی۔
بیان میں کہا گیا کہ فریقین ڈیٹا ٹریفک کے معاملے میں دنیا کے سب سے بڑے موبائل آپریٹر کی حیثیت سے جیو کی پوزیشن سے استفادہ اٹھائیں گے تاکہ پورے ملک کو قابلِ اعتماد براڈ بینڈ خدمات فراہم کی جائیں جس میں بھارت کے دیہی اور دور دراز ترین خطے بھی شامل ہیں۔