بھارتی ریاست آندھرا پردیش میں برڈ فلو کی تصدیق، ڈیڑ ھ ہزار مرغیاں تلف

81

نئی دہلی۔12فروری (اے پی پی):بھارتی ریاست تلنگانہ کی حکومت نے ہمسایہ ریاست آندھرا پردیش میں برڈ فلو کی وبا پھیل جانے کے بعد وہاں سے پولٹری کی درآمد پر پابندی عائد کر دی ہے۔ انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق آندھرا پردیش کے مشرقی ضلع گوداوری میں ایک پولیٹری فارم میں برڈ فلو پھیلنے کی تصدیق کے بعد وہاں ڈیڑھ ہزار مرغیوں کو تلف کر دیا گیا ہے۔اس کے بعدتلنگانہ کی حکومت نے نلگنڈہ ضلع کی سرحد پر تقریباً 24 چیک پوسٹیں قائم کی ہیں جہاں تعینات اہلکار آندھرا پردیش سے مرغیوں کو لے جانے والی گاڑیوں کو ریاست میں داخل ہونے سے روک کر واپس کر رہے ہیں۔

محکمہ حیوانات اور ماہی پروری نے کہا کہ یہ اقدامات وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے مرکزی حکومت کے رہنما خطوط کے مطابق ہیں۔رپورٹ کے مطابق مشرقی گوداوری ضلع کے کنورو اگرہرام گاؤں کے رام کرشنا پولٹری فارم میں ایچ فائیو این ون ایویئن انفلوئنزا وائرس سے مرغیوں کی ہلاکت کی تصدیق کے بعد حکام نے فارم کو سیل کر دیا اور 1500 سے زیادہ مرغیوں کو تلف کر دیا۔متاثرہ فارم کے ارد گرد ایک کلومیٹر کے دائرے کو ریڈ زون قرار دیا گیا تھا، جبکہ چاروں طرف 10 کلومیٹر تک کے علاقے کی نگرانی کے احکامات دیئے گئے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ نے برڈ فلو کے مزید پھیلاؤ کو روکنے کے لئے اس علاقے میں مرغیوں اور انڈوں کی فروخت پر پابندی عائد کردی ہے۔

گاؤں کے لوگوں کی صحت کی نگرانی کے لیے میڈیکل کیمپ قائم کیے گئے ہیں، اور حکام نے رہائشیوں پر زور دیا ہے کہ وہ بخار، کھانسی یا اسہال جیسی علامات کی اطلاع دیں۔اس کے علاوہ ضلع کلکٹروں اور سرکاری محکموں کو مرغیوں اور دیگر جانوروں کی مشتبہ اموات پر کڑی نظر رکھنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔حکام نے عوام اور پولٹری انڈسٹری کے سٹیک ہولڈرز پر زور دیا کہ وہ تلنگانہ میں وائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام کے اقدامات میں تعاون کریں۔