حیدرآباد۔2دسمبر (اے پی پی):بھارتی ریاست تلنگانہ میں پولیس اور مائو باغیو کے درمیان جھڑپ میں سینئر کمانڈر سمیت 7 ماؤنواز باغی مارے گئے۔ انڈیا ٹوڈےکی رپورٹ کے مطابق تلنگانہ کے ضلع ملوگو کے چلپاکا جنگلات میں تلنگانہ پولیس کی ایلیٹ اینٹی ماؤسٹ گرے ہاؤنڈز فورس نے پیر کی صبح 5:30 بجے کے قریب کومبنگ آپریشن شروع کیا جس کے دوران ان کی مائو باغیوں کے ساتھ جھڑپ ہو گئی۔
رپورٹ کے مطابق مارے جانے والوں میں 35 سالہ بھدرو عرف کرسم منگو، یلندو جو نرسمپیٹ ایریا کمیٹی کا کمانڈر اور سی پی آئی (ماؤسٹ) کی تلنگانہ سٹیٹ کمیٹی کا رکن تھا ،شامل ہے جبکہ دیگر6 ماؤنوازوں کی شناخت 43 سالہ ایگولاپو ملائیہ، 22 سالہ مسکی دیول، 23 سالہ مسکی جمنا، 25 سالہ جئے سنگھ، 22 سالہ کشور اور 23 سالہ کامیش کے طور پر کی گئی ہے۔پولیس نے تصادم کی جگہ سےاے کے ۔47، جی تھری اور آئی این ایس ا ے ایس رائفلز کے ساتھ دیگر آتشیں اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد برآمد کیا ہے ۔
ڈسٹرکٹ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس نے تصدیق کی کہ یہ آپریشن علاقے میں ماؤ نواز باغیوں کی کارروائیاں روکنے کی کوششوں کا حصہ تھا۔ ایک ہفتہ قبل ماؤنوازباغیوں نے2 قبائلی افراد پیرو گرام پنچایت کے سیکرٹری یوئیکا رمیش اور یوکا ارجن کو پولیس کے مخبر ہونے کے شبہ میں ہلاک کر دیا تھا۔