گوالیار۔29اگست (اے پی پی):بھارت کے ارب پتی صنعتکاروں گوتم اڈانی اور مکیش امبانی نے ریاست مدھیہ پردیش کے شہر گوالیار کو ٹیکنالوجی اور صنعتی مرکز میں تبدیل کرنے کی حکومتی کوششوں کا حصہ بنتے ہوئے یہاں 3650 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ای ٹی وی بھارت کی رپورٹ کے مطابق اڈانی گروپ نے 3,500 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کا وعدہ کیا جبکہ ریلائنس انڈسٹریز نے شہر میں 150 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کرنے پر اتفاق کیا۔
یہ اعلانات علاقائی صنعتی کانفرنس (آر آئی سی) میں کئے گئے جن کا اہتمام مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی موہن یادو نے کیا تھا۔آرآئی سی ریاست کو ایک صنعتی مرکز کے طور پر اس کی معیشت کو چمکانے اور ریاست کے نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے وزیر اعلی موہن یادو کا ایک اختراعی اقدام ہے۔ اب تک، پچھلے چھ مہینوں میں تین آر آئی سیز کا اہتمام کیا گیا ہے، جن میں اُجین اور جبل پور میں منعقد کی جانے والی آر آئی سیز شامل ہیں۔اڈانی گروپ سے کرن اڈانی نے کہا اڈانی گروپ گنا کے علاقے میں 2 ملین ٹن کی صلاحیت کا سیمنٹ پروڈکشن یونٹ اور شیو پوری میں پروپیلین پروڈکشن کے کارخانے قائم کرے گا۔
ہم خواتین کو بااختیار بنانے پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے بدرواس میں ایک جیکٹ بنانے والی فیکٹری بھی تعمیر کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ریلائنس انڈسٹریز کے نمائندوں نے کہا کہ گوالیار میں کھاد اور بائیو گیس کی پیداوار کا کارخانہ لگایا جائے گا۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ آر آئی سی کے دوران 4,570 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کے اعلانات کئے گئے ہیں۔ اس میں سے 2,750 کروڑ روپے گوالیار۔چمبل ریجن کے 10 حصوں میں لگائے جائیں گے۔