بھارتی فوج نے کشمیریوں کے خلاف ریاستی دہشتگردی کا بد ترین سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے، وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب

86

اسلام آباد۔5جنوری (اے پی پی):وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ 5 جنوری 1949 کو اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل نے متفقہ قرار داد منظور کی جس میں بھارت سے کہا تھا کہ وہ کشمیریوں کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کے لئے حقِ خودارادیت کا موقع فراہم کرے، آج دنیا بھر بشمول کنٹرول لائن کے دونوں اطراف یہ دن بھر پور انداز سے منایا جارہا ہے۔

وزیر مملکت اطلاعات و نشریات نے 5جنوری حق خودارادیت کے دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ 5 جنوری 1949 کو اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل نے متفقہ قرار داد منظور کی، جس میں بھارت سے کہا تھا کہ وہ کشمیریوں کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کے لئے حقِ خودارادیت کا موقع فراہم کرے-

وزیر مملکت نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ اقوامِ متحدہ میں خود بھارت لے کر گیا تھا اور بھارت نے متفقہ قرار دار کے ذریعے اقوامِ عالم سے عہد کیا تھا کہ وہ کشمیریوں کو رائے شماری کا حق دے گا- انہوں نے کہا کہ کشمیر کے بے گناہ مگر غیور عوام نے بھر پور جذبے سے تحریک چلائی –

فرخ حبیب نے کہا کہ بھارتی فوج نےکشمیریوں کے خلاف ریاستی دہشتگردی کا بد ترین سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے، وزیر مملکت نے کہا کہ یورپی یونین سمیت عالمی برادری نے بھارت پر زور دیا ہے کہ وہ مقبوضہ ریاست میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرے اور اس مسئلے کا کوئی ایسا حل نکالا جائے جو تمام فریقین کے لئے قابلِ قبول ہو۔