بھارتی قبضے سے آزادی کشمیریوں کا محض ایک خواب نہیں بلکہ ایک مقدس مشن ہے، سید علی گیلانی

سرینگر ۔02 فروری(اے پی پی)مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے مقبوضہ علاقے کے گورنرستیا پال ملک کی کشمیریوں کے بارے میں آئے روز کی ہرزہ سرائی پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اسے انکی مغرور اور مطلق العنان ذہنیت قرار دیا ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگر میںجاری ایک بیان میںکہا کہ ہر قابض اس دھوکے اور خوش فہمی میں مبتلا رہتا ہے کہ طاقت اور اختیارات کی بیساکھیوں کے سہارے وہ محکوموں کے سروں پر ہمیشہ مسلط رہیگا۔ سید علی گیلانی نے کہا کہ گورنر کو اتنی فہم وفراست اور سوجھ بوجھ تو ہونی چاہیے کہ ایک پڑھا لکھا، باشعور نوجوان کسی مولوی، مفتی یا کسی اور کہنے پر اپنی جان کی بازی نہیں لگا سکتا اور نہ ہی وہ کسی دنیاوی لالچ اور سیاسی چکاچوند سے مرعوب ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی رہنمااگر ٹھنڈے دل ودماغ کیساتھ مقبوضہ علاقے کے حالات کا پوری طرح سے جائزہ لیں تو شاہد انکے اندر کشمیریوں کے دکھ و درد کا احساس جاگے۔ حریت چیئرمین نے کہا کہ بھارتی قبضے سے آزادی کشمیریوں کا محض ایک خواب نہیں بلکہ ایک مقدس مشن اور اپنے لہو سے سینچی ایک تحریک ہے۔انہوںنے کہا کہ ظلم وجبر، طاقت اور غرور کچھ دیر کے لیے محکوموں اور مجبوروں کو جکڑ تو سکتا ہے، لیکن تاریخ گواہ ہے کہ ایسے حربے اقوام کو ہمیشہ کے لیے زیر کرنے میں کبھی بھی کامیاب نہیں ہوئے ہیں۔سید علی گیلانی نے بھارتی حکمرانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کی طویل اور صبر آزما تحریک اس بات کی گواہ ہے کہ مراعات، پیکیج، نوکریوں اور تعمیر وترقی کے لالی پاپ سے انہیں بہلایا نہیں جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ اگر گورنر کو واقعی جنت ارضی کشمیر کی فکر ہے اور وہ کشمیریوںکے زخموں پر مرحم رکھنا چاہتے ہیں تو وہ بھارتی حکمرانوں کو بتائیںکہ وہ کشمیری عوام کو آزادی اور امن وسکون سے زندہ رہنے کے اپنے بنیادی حق سے محروم نہ کریں۔سید علی گیلانی نے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں پلوامہ میں شہید ہونے والے دو نوجوانوںکو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا عالمی سطح پر تسلیم شدہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے بھارت کے ہٹ دھرمانہ رویے اور اس مسئلے کو صرف اور صرف فوجی طاقت سے حل کرنے کی اسکی پالیسی کی وجہ سے مقبوضہ کشمیر میں قتل و غارت کا دور دورہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے اس طرز عمل کی وجہ سے خطے کا امن و استحکام بھی دائو پر لگا ہوا ہے۔