بھارتی میڈیا پرمولانا فضل الرحمٰن کا پاکستان کے خلاف استعمال کرکے منفی پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری

"وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ بھارتی میڈیا مولانا فضل الرحمٰن کے بیان کو پاکستان، مسلح افواج اور شہداء کے خلاف منفی پروپیگنڈے کے لیے استعمال کر رہا ہے۔”

اسلام آباد۔15جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ بھارتی میڈیا پرمولانا فضل الرحمٰن کے بیان کو پاکستان کے خلاف استعمال کرکے مسلح افواج اور شہداء کے خلاف منفی پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔

بدھ کو سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ایسے بیانات دشمن کے میڈیا کو پاکستان مخالف بیانیے کے لئے مواد فراہم کرتے ہیں، ہمارے شہداء اور سرحدوں پر ڈٹے جوان پوری قوم کا فخر ہیں، وطن کے محافظوں اور شہداء کی قربانیوں کو سیاسی اختلافات کی نذر نہیں کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اختلافِ رائے جمہوریت کا حسن ہے مگر قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا، شہداء کے احترام اور دفاعِ وطن پر ایسا کوئی مؤقف نہیں ہونا چاہئے جس سے دشمن کو فائدہ پہنچے۔