بھارتی ناظم الامور کی دفتر خارجہ طلبی ، ملٹری آبزرور گروپ کے مبصرین کی گاڑی کو جان بوجھ کر نشانہ بنانے پر شدید احتجاج ریکارڈکیا گیا

111

اسلام آباد۔19دسمبر (اے پی پی):بھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کر کے بھارت اور پاکستان میں اقوام متحدہ کے ملٹری آبزرور گروپ (یو این ایم او جی آئی پی) کے مبصرین کی گاڑی کو جان بوجھ کر نشانہ بنانے پر شدید احتجاج ریکارڈکیا گیا۔ اقوام متحدہ کے مبصرین گزشتہ روز ایل او سی کے چیریکوٹ سیکٹر میں بھارت کی طرف سے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کے متاثرین سے ملاقات کے لئے آزاد جموں و کشمیر کے پولس گاؤں جارہے تھے۔خوش قسمتی سےگاڑی میں موجود دونوں مبصر ین کو کوئی نقصان نہیں پہنچا اور پاک فوج نے انہیں بحفاظت بچا کر راولاکوٹ پہنچایا۔ تاہم ان کی گاڑی کو نقصان پہنچا۔ یہ حملہ جان بوجھ کر کیا گیا تھا کیونکہ اقوام متحدہ کی گاڑی، مخصوص نشان اور نیلے رنگ کے جھنڈے کی وجہ سے دور سے بھی واضح طور پر پہچانی جاتی ہے۔ ہفتہ کو ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ اقوام متحدہ کی گاڑی کو جان بوجھ کر نشانہ بنانا ، سلاتی کونسل کی قرار دادوں اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت ذمہ داریوں کی بھارت نے سنگین خلاف ورزی کا ارتکاب کیا ہے ، جس میں اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین کی تحفظ اور حفاظت کو یقینی بنانے کی ذمہ داری بھی شامل ہے۔ ترجمان نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ مبصرین کے کام میں رکاوٹ ڈالنے کا یہ بھارت کا ایک نیا چال ہے۔بھارتی ناظم الامور کو بتایا گیا کہ بھارت کی حالیہ کارروائی مروجہ بین الاقوامی اصولوں کی صریحا خلاف ورزی اور اقوام متحدہ کے چارٹر میں درج اصولوں کے منافی ہے۔بھارت پر زور دیا گیا کہ وہ بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں سے باز رہے۔ 2003 میں بھارت اور پاکستان کے مابین جنگ بندی معاہدے کا احترام کریں۔ اور یو این فوجی مبصرین کواقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے تحت اپنے فرائض ادا کرنے دیں