بھارتی نژاد امریکی شہری کی وائٹ ہائوس میں داخل اور حملہ کرنے کی کوشش

صدر فیصل آباد چیمبر

اسلام آباد۔26مئی (اے پی پی):بھارت میں لوگ شدت اور انتہا پسندی کے نظریئے کا شکار ہو گئے ہیں اور اس شدت پسندانہ اور انتہا پسندانہ سوچ کی اس ایک واقعہ سے عکاسی ہوتی ہے جس میں ایک بھارتی شہری نے واشنگٹن کے وائٹ ہائوس میں داخل ہونے اور حملہ کرنے کی کوشش کی۔ ہندوستان ٹائمز کے مطابق امریکی حکام نے اس ہفتے سائی ورشیت کنڈولا نامی 19 سالہ نوجوان کو گرفتار کیا ہے جس نے وائٹ ہائوس میں بیریئرز سے دانستہ طور پر ٹرک ٹکرایا جبکہ اس وقت امریکی صدر جوبائیڈن وائیٹ ہائوس میں موجود تھے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق نوجوان ،جس نے کرائے پر حاصل کیا گیا ٹرک دانستہ طور پر ٹکرایا تھا،نے حکام کو بتایا کہ وہ اس وائٹ ہائوس میں داخل ہو کر امریکی اقتدار پر قبضہ کرنا اور صدر جوبائیڈن کو ہلاک کرنا چاہتا تھا۔ امریکی پارک پولیس نے سائی ورشیت کنڈولا کو لپیٹے پارک کے شمالی طرف کے بیریئرز سے ٹرک ٹکرانے کے بعد گرفتار کیا تھا جبکہ وہاں پر موجود کئی راہ گیروں کی دوڑیں لگ گئیں۔

این بی سی نیوز کی رپورٹ کے مطابق میسوری کے علاقہ چیسٹر سے تعلق رکھنے والے کنڈولا یکطرفہ ٹکٹ پر سینٹ لوئیس سے ڈیولیس انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پہنچا جس کے فوراً بعد اس نے پیر کی شب ٹرک کرائے پر حاصل کیا۔ یہ بات خفیہ سروس کے اہلکار نے واشنگٹن ڈی سی کی فیڈرل ڈسٹرکٹ کورٹ میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں بتائی جس کے مطابق اس نوجوان نے وائٹ ہائوس کے شمالی بیریئر سے ٹرک دانستہ طور پر ٹکرایا جس کو اس نے باقاعدہ طور پر ریورس کیا۔

کنڈولا نے بعد ازاں حکام کو بتایا کہ وہ اس حملہ کیلئے 6 مہینے سے منصوبہ بنا رہا تھا اور اس کا مقصد وائٹ ہائوس میں داخل ہو کر امریکی اقتدار پر قبضہ کرنا تھا۔ امریکی خفیہ اہلکاروں کی طرف سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کنڈولا نے کہا کہ اس نے صدر جوبائیڈن کو قتل کرنے کیلئے راستے میں آنے یا مزاحمت کرنے والے کو بھی زخمی یا ہلاک کرنے کا پروگرام بنایا تھا۔ امریکی فیڈرل ایجنٹس اس سارے معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔