بھارتی وزیر خارجہ کا بیان سفید جھوٹ ہے،سید علی گیلانی

137

سرینگر ۔ 28 ستمبر (اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے اقوامِ متحدہ میں بھارتی وزیر خارجہ سشماسوراج کے بیان کو سفید جھوٹ اور اصل حقائق سے انحراف قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ انہیں اس بیان پر کوئی حیرانی نہیں ہوئی ہے کیونکہ بھارتی حکمران1947ءسے فوجی قوت کے اندھے غرور میں مبتلا ہوکر اصل حقائق سے منہ چھپاتے پھرتے ہیں۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگر سے جاری ایک بیان میںکہا کہ جمہوری ملک ہونے کا دعویٰ کرنے والے ملک کے چوٹی کے سیاستدان اظہر من اشمس تاریخی حقائق کو تسلیم کرنے کی ہمت نہیں کرپارہے ہیں تاکہ وہ اقتدار سے الگ ہوکر اپنے عوام کے ہتھے نہ چڑھ جائیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے حکمران پچھلے 70سال سے اپنے عوام کو جھوٹ بولتے آرہے ہیں اور ان کو خدشہ ہے کہ اگر ہم حقائق کو کھلے عام تسلیم کرلیں گے تو یہی عوام ہمارا جینا حرام کردیں گے۔ حریت چیئرمین نے کہا کہ اگر پوری دنیا بھی جھوٹ کو صدیوں تک دہراتی رہے اس سے وہ سچ میں تبدیل نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکمرانوں کی اس ہٹ دھرمی اور جھوٹی انا سے کشیدگیاں، تلخیاں اور دوریاں کم ہونے کے بجائے مزید بڑھ جائیں گی جس سے خطے کے عوام کی مشکلات اور مصائب میں اضافہ ہوگا۔