بھارت آزادی پسند کشمیریوں کے خلاف بڑے پیمانے پر فوجی طاقت کا استعمال کر رہا ہے، سید علی گیلانی

سرینگر ۔ 16 مارچ (اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے بھارت کی طرف سے آزادی پسند کشمیریوں کے خلاف بڑے پیمانے پر جاری فوجی طاقت کے استعمال کی شدید مذمت کی ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ یہ انتہائی افسوسناک ہے کہ دنیا کا سب سے بڑا جمہوری ملک ہونے کا دعویدار بھارت کشمیریوں کی حق پر مبنی حق خود ارادیت کے حصول کی جدوجہد کو دبانیکیلئے فوجی طاقت کا بھر پور استعمال کر رہا ہے۔ انہوںنے بھارتی تحقیقاتی ادارے ‘این آئی اے ‘ ک طرف سے میر واعظ عمر فاروق اور اپنے فرزند سید نسیم گیلانی کو جھوٹے مقدمات میں پوچھ گچھ کیلئے دوبارہ سے نئی دلی طلب کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکمران مقبوضہ علاقے کے اطراف واکناف میں اپنی فورسز اور ایجنسیوں کے ذریعے آزادی پسند کشمیریوں کو ہراساں کر کے یہاں سیاسی غیر یقینیت کا ماحول قائم کرنا چاہتے ہیں ۔