ممبئی ۔13نومبر (اے پی پی):بھارت میں جاری13 ویں آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کی سیمی فائنل لائن اپ مکمل ہو گئی ہے۔میزبان بھارت ، جنوبی افریقا ، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں میگا ایونٹ کے سیمی فائنل میں پہنچ گئی ہیں۔ میگا ایونٹ کا پہلا سیمی فائنل میچ 15 نومبر کو میزبان ٹیم بھارت اور نیوزی لینڈ کے مابین وانکھیڈے سٹیڈیم ، ممبئی میں کھیلا جائے گا ، میچ ایک بج کر 30 منٹ پر شروع ہوگا اور ڈے اینڈ نائٹ ہوگا۔،
بھارتی ٹیم جارح مزاج بیٹر روہیت شرما کی زیر قیادت میدان میں اترے گی اور انہیں ویرات کوہلی ، محمد شامی ، روندرا جدیجا ، جسپریت بمرا ، شبمان گل جیسے بہترین کھلاڑیوں کی خدمات حاصل ہیں ۔ نیوزی لینڈ کو مایہ ناز بلے باز کین ولیمسن لیڈ کریں گے دیگر نمایاں کھلاڑیوں میں ٹرینٹ بولٹ ، مارک چیپمین ، ڈیرل مچل ، گلین فلپس اور ٹم ساؤدی شامل ہیں ۔ ٹورنامنٹ کا دوسرا سیمی فائنل 16 نومبر کو جنوبی افریقا اور آسٹریلیا کی ٹیموں کے درمیان ایڈن گارڈنز ، کولکتہ میں کھیلا جائے گا ۔
جنوبی افریقا کی ٹیم تیمبا بووما کی قیادت میں میدان میں اترے گی ، دیگر اہم کھلاڑیوں میں کوئنٹن ڈی کوک ، راسی وین ڈر ڈاسن ، ایڈن مارکرم ، جیرالڈ کوٹزی ، لنگی نیگیڈی اور ہینرچ کلازن شامل ہیں ۔ آسٹریلیا کو مایہ ناز آل رائونڈر پیٹ کمنز لیڈ کریں گے اور انہیں ڈیوڈ وارنر ، مچل مارش ، مچل سٹارک ، سٹیون سمتھ ، گلین میکسویل ، جوش ہیزل ووڈ جیسے تجربہ کار کھلاڑیوں کی خدمات حاصل ہیں ۔ میگا ایونٹ کا فائنل 19 نومبر بروز اتوار کو احمد آباد کے نریندر مودی سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا ۔