بھارت اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پہلا بین الاقوامی ٹی 20 کرکٹ میچ (کل) کھیلاجائے گا

حیدرآباد ۔ 05 دسمبر (اے پی پی) بھارت اور ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین بین الاقوامی ٹی 20 میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ (کل) جمعہ کو حیدر آباد (دکن) میں کھیلا جائے گا۔ میچ نائٹ ہوگا اور برقی قمقموں کی روشنی میں کھیلا جائے گا۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم ان دنوں دورہ بھارت پر ہے جہاں وہ تین ٹی 20 اور تین ون ڈے میچز کی سیریز کھیلے گی۔ بھارتی کرکٹ ٹیم کی قیادت ویرات کوہلی کرینگے جبکہ ویسٹ انڈیز ٹیم مایہ ناز آل راﺅنڈر کیرون پولارڈ کی قیادت میں میدان میں اترے گی۔ دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے میچ میں کامیابی کے لئے بیانات دیئے ہیں اور توقع کی جارہی ہے کہ میچ سخت اور کانٹے دار ہوگا ۔ بھارت نے مہمان ٹیم کے خلاف پہلے ہی ٹی ٹونٹی اور ون ڈے سکواڈ کا اعلان کر رکھا ہے، ٹی ٹونٹی سیریز کےلئے اعلان کردہ سکواڈ کے مطابق ویرات کوہلی ٹیم کی قیادت کرینگے اور روہت شرما نائب کپتان ہونگے، دیگر کھلاڑیوں میں شیکھر دھون، رویندرا جڈیجا، محمد شامی، بھونیشوار کمار، کلدیپ یادو، رشبھ پنت، کے ایل راہول، شرییاس ایئر، منیش پانڈے، شیوم ڈوب، واشنگٹن سندر، یوزویندر چہل ، اور دیپک چاہر شامل ہیں۔ ون ڈے سکواڈ ویرات کوہلی (کپتان) ، روہت شرما (نائب کپتان) ہونگے، دیگر کھلاڑیوں میں شیکھر دھون، کے ایل راہول، شریاس ایئر، منیش پانڈے، رشبھ پنت (وکٹ کیپر)، شیوم ڈوب، واشنگٹن سندر، رویندرا جڈیجا، یوزویندر چہل، کلدیپ یادو، دیپک چاہر، محمد شامی اور بھونیشور کمار شامل ہیں۔ ٹی 20 سیریز کے تینوں میچز نائٹ ہونگے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان ٹی 20 سیریز کا پہلا میچ کل جمعہ کو حیدر آباد (دکن) میں کھیلا جائے گا، دوسرا ٹی 20 میچ 8 دسمبر کو تھیرو واننتاپورم جبکہ تیسرا اور آخری میچ 11 دسمبر کو ممبئی میں کھیلا جائے گا۔