بھارت اپنے جارحانہ عزائم کی پیروی کرتے ہوئے پورے خطے کے امن و امان کو داﺅ پر لگا رہا ہے،وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی اپنے چینی ہم منصب وانگ ژی سے گفتگو

اسلام آباد ۔ 3 جولائی (اے پی پی)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت اپنے جارحانہ عزائم کی پیروی کرتے ہوئے پورے خطے کے امن و امان کو داﺅ پر لگا رہا ہے، پاکستان اور چین کے مابین دو طرفہ تعلقات مثالی نوعیت کے ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ نے جمعہ کو چین کے اپنے ہم منصب وانگ ژی کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ …

اسلام آباد ۔ 3 جولائی (اے پی پی)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت اپنے جارحانہ عزائم کی پیروی کرتے ہوئے پورے خطے کے امن و امان کو داﺅ پر لگا رہا ہے، پاکستان اور چین کے مابین دو طرفہ تعلقات مثالی نوعیت کے ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ نے جمعہ کو چین کے اپنے ہم منصب وانگ ژی کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ کیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے بین الاقوامی فورمز پر اہم علاقائی و عالمی امور کے حوالے سے، یکساں مقاصد کے حصول کیلئے باہمی تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا۔ ترجمان کے مطابق دونوں وزراءخارجہ نے عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور چین کے مابین دو طرفہ تعلقات مثالی نوعیت کے ہیں۔ دونوں نے ہر مشکل اور آڑے وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا اور اظہار یکجہتی کیا۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان چین کی "ون چائینہ پالیسی اور ہانگ کانگ، تبت، تائیوان اور شنکیانگ کے حوالے سے چین کے موقف کی مکمل حمایت کرتا ہے۔وزیر خارجہ نے اپنے چینی ہم منصب کو بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا اور کہا کہ بھارت اپنے جارحانہ عزائم کی پیروی کرتے ہوئے پورے خطے کے امن و امان کو داﺅ پر لگا رہا ہے۔بھارت اقوام متحدہ اور بین الاقوامی قوانین کی صریحاً خلاف ورزی کرتے ہوئے ڈومیسائل قوانین میں تبدیلی کے ذریعے مقبوضہ کشمیر میں آبادیاتی تناسب کو بدلنا چاہتا ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت اپنی داخلی ناکامیوں کو چھپانے کیلئے لائن آف کنٹرول کی مسلسل خلاف ورزی کرتے ہوئے معصوم شہریوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔ہندوستان نے بین الاقوامی قوانین سے انحراف کرتے ہوئے علاقائی مسائل کو گفت و شنید اور مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی بجائے جبر و استبداد کا راستہ اپنایا، بھارت کی جانب سے 5 اگست کے یکطرفہ اقدامات، بھارت کی ہندتوا سوچ کی عکاسی کرتے ہیں۔چینی وزیر خارجہ نے خطے میں قیام امن کیلئے پاکستان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ہر مشکل گھڑی میں چین کی معاونت پر وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔دونوں وزرائے خارجہ نے افغانستان میں قیام امن کیلئے مشترکہ کاوشیں جاری رکھنے پر اتفاق کرتے ہوئے اگلے پاک چین افغان سہ ملکی وزرائے خارجہ مذاکرات کے جلد انعقاد کی ضرورت پر زور دیا۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بی آر آئی (BRI) اور پاک چین اقتصادی راہداری منصوبوں کی تکمیل سے جہاں روابط کو فروغ ملے گا وہاں اقتصادی ترقی کے نئے امکانات روشن ہونگے۔ فریقین کی طرف سے اقتصادی راہداری منصوبوں کی جلد اور بروقت تکمیل کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ چینی وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ پاک چین اقتصادی راہداری فیز 2، بی آر آئی منصوبے کا انتہائی اہم حصہ ہے جس کے ذریعے پاکستان میں اقتصادی سرگرمیوں میں اضافہ ہو گا اور روزگار کے نئے مواقع میسر آئیں گے۔چینی وزیر خارجہ نے چین کی طرف سے مجوزہ ہیلتھ سلک روڈ کی حمایت پر پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ چین کورونا عالمی وبائی صورتحال کے مضمرات سے نمٹنے اور معاشی بحالی کیلئے ایک جامع حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔ دونوں وزراءخارجہ نے دو طرفہ، علاقائی و عالمی امور پر مشاورت جاری رکھنے اور اس ضمن میں جلد بالمشافہ ملاقات کرنے پر اتفاق کیا۔